ریاستی دہشتگردی جاری مزید2کشمیری شہید ڈھونگ بلدیاتی الیکشن کا 6واں مرحلہ بھی ناکام
سری نگر (کے پی آئی+ این این آئی) بھارتی فوج کی دہشتگردی جاری ہے۔ ضلع پونچھ کے دوگریان علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ شمالی کشمیر کے سوپور قصبہ میں پولیس پوسٹ پر دستی بم حملے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔ سوپور کے بس سٹینڈ میں قائم پوسٹ پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا۔ کے پی آئی کے مطابق دستی بم نشانے پر نہیں لگا تاہم بم کے پھٹنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ کے بعدبھارتی فوج، پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں بھارتی فوجی گہری کھائی میں گرنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔ وسطی کشمیر میںبی جے پی ترجمان شاہنواز حسین کواس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین کو اس وقت شرمندگی کاسامنا کرنا پڑاجب بی جے پی ریلی میں بھارت مخالف نعرے لگ گئے۔ شاہنواز حسین گزشتہ روڈ بڈگام ضلع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ایک ریلی میں شامل تھے۔ اس دوران بڑی تعداد میں مقامی شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور ان تین کشمیری نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جنہیں نئی دہلی پولیس نے 7 دسمبر کو نئی دہلی میں دہشت گرد قرار دے کر گرفتار کر لیا تھا۔ کے پی آئی کے مطابق شبیر احمد گوجری، ریاض احمد راتھر، اور محمد ایوب پٹھان کی نئی دہلی میں گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیر میں نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے چھٹے مرحلے میں اتوار کو ووٹ ڈالے گئے۔ فوجی نگرانی کے باعث جنوبی کشمیر کے انتخابی حلقے چھاؤنی کا منظر پیش کر رہے تھے۔ پلوامہ اور شوپیاں میں انٹرنیٹ سروسز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پولنگ مراکز کی ڈرون کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔