یورپی تنظیم کے حقائق پر خاموشی نے بھارت کو جھوٹا ثابت کر دیا
بھارت کی پاکستان کے خلاف جنونی مہم سے لاتعلقی مسترد، پاکستان کا انسانی حقوق کونسل سے نوٹس لینے کا مطالبہ
دفتر خارجہ نے پاکستان کے خلاف گھنائونی اور قابل مذمت پروپیگنڈا مہم سے اظہار لاتعلقی کی بھارتی وزارت خارجہ کی کوشش کو مسترد کردیا۔ بھارت کی اس پروپیگنڈا مہم کو یورپ کی غیر سرکاری تنظیم اپنی تفصیلی رپورٹ میں دنیا کے سامنے لائی تھی۔چند روز قبل یورپی یونین کی ڈِس انفو لیب نے 65 ممالک میں غلط معلومات پھیلانے والے ایسے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا جو سال 2005ء سے ایسے ممالک، جن کے دہلی کے ساتھ اختلافات ہوں بالخصوص پاکستان، کو بدنام کرنے کے لیے کام کر رہا تھا۔گزشتہ برس یورپی یونین کی ڈِس انفو لیب نے 65 ممالک میں بھارتی مفادات کے لیے کام کرنے والے 265 مربوط جعلی مقامی میڈیا آئوٹ لیٹس کا نیٹ ورک بے نقاب کیا تھا جس میں متعدد مشتبہ تھنک ٹینکس اور این جی اوز بھی شامل تھیں۔ ’بھارتی کرونیکل‘ کے عنوان سے تحقیقات میں ایک اور بھارتی نیٹ ورک بے نقاب ہوا جس کا مقصد بھارت میں پاکستان مخالف (اور چین مخالف) جبکہ بھارت کے حق میں جذبات کو تقویت دینا تھا۔ تاہم انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے ’یورپی تنظیم ای یو ڈس انفو لیب‘ کی حالیہ رپورٹ کو مسترد کر دیا اورپاکستان پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستوا نے کہا کہ ’بطور ذمہ دار جمہوری ملک ہونے کے ناطے بھارت‘ غلط معلومات پھیلانے کی مہم کا حصہ نہیں لیتا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ غلط معلومات کو دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کی سب سے بہترین مثال ہے ہمارا پڑوسی ملک ہے جو فرضی ڈوزیئرز پھیلاتا اور مسلسل جعلی خبروں کا پرچار کرتا ہے‘۔تاہم پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ ’آزاد اور غیر جانبدار یورپی تحقیقاتی گروپ کی رپورٹ نے 116 ملکوں میں پھیلے 750 سے زائد جعلی میڈیا اداروں اور 550 سے زیادہ جعلی ویب سائٹس کے جال، مردہ لوگوں کے دوبارہ زندہ ہونے، ای یو اداروں کے نام کے جعلی استعمال کو بے نقاب کیا، بھارتی نیٹ ورک نے یو این انسانی حقوق کونسل سے وابستہ 10 این جی اوز کو 2005 سے پاکستان کے خلاف استعمال کیا‘۔انہوں نے کہا کہ 'بھارتی وزارت خارجہ کے تمام بلند و بانگ دعوے کھوکھلے ہیں، حالیہ پیشرفت اور عالمی طور پر بے نقاب ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کبھی بھی ایک ذمہ دار اور جمہوری ملک نہیں رہا‘۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی ملک میں بھارتی دہشت گردی کی منصوبوں، سہولت کاری اور مالی معاونت کے ناقابل تردید شواہد دے چکا ہے۔'ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ سے بھارت کے پاکستان کے خلاف جنون میں مبتلا ہونے اور داغدار مہم چلانے کے ہمارے موقف کو مزید تقویت ملتی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی مشینری بالخصوص انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) پر زور دیا کہ وہ اس سارے معاملے کا فوری نوٹس لے کہ کس طرح ایچ آر سی جیسے باوقار پلیٹ فارم کا رکن ملک دوسرے ملک کے خلاف کیسے غلط استعمال ہوا۔
بھارت کی پاکستان میں مداخلت مسلمہ حقیقت ہے جس کے پاکستان نے ناقابل تردید ثبوت ڈوزئیرز کی صورت میں دنیا کے سامنے رکھے۔ بھارت کا رویہ ہمیشہ سے چور مچائے شور کا رہا ہے۔ ایک لمحے کے لیے پاکستان کے دنیا کے سامنے رکھے ڈوزئیرز کو الگ رکھ کر بات کر لیں تو بھی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے بیانات ریکارڈ کا حصہ ہیں جن میں وہ مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی جدوجہد کا بدلہ بلوچستان اور آزاد کشمیر میں چکانے کے اعتراضات کر چکے ہیں۔ کلبھوشن یادیو کا پاکستان سے پکڑے جانا پاکستان میں بھارت کی طرف سے دہشتگردی کرانے سے بڑا اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے۔
بھارت کے لئے پاکستان کا وجود ناقابل برداشت رہا ہے۔ اس نے اپنی سازشوں کے ذریعے پاکستان کو دولخت کر دیا اس کے بعد پاکستان کے مزید حصے بخرے کرنے کی سازشیں جاری رکھیں۔ وہ پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کے لیے بھی سرگرداں رہا ہے۔ اس حوالے سے اس نے کئی ڈرامے رچائے ممبئی حملوں لے کر پٹھان ، اڑی اور پلوامہ اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں اور پھر اس سے قبل سمجھوتہ ایکسپریس کا سانحہ کس طرح رونما ہوا اور پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرایا گیا پھر بھارتی اداروں ہی نے اپنی تحقیقات میں اسے اپنے ہی اداروں اور حکام کی کارستانی قرار دیدیا۔
حاضر سروس نیول افسر کلبھوشن یادیو کو پاکستان میں د ہشتگردی کے لئے استعمال کرکے بھارت نے جاسوسی اور دہشتگردی کی نئی اور بدترین تاریخ رقم کر دی۔ بھارت اس کا اب تک خاطر خواہ جواب نہیں سے سکا۔ پاک فوج کی عدالت نے کلبھوشن کو اس کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی جِسے عالمی عدالت انصاف نے برقرار رکھا۔ پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ڈوزئیرز میں اسی طرح کے حقائق پر مبنی ثبوت ہیں جن سے بھارت فرضی کہہ کر راہِ فرار اختیار نہیں کر سکتا۔
یوروپی تنظیم ای یو ڈی انفولیب کی رپورٹ نے بھارت کا پاکستان میں دہشتگردی کا کردار اور چین سمیت پاکستان کے خلاف لغو پراپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ بھارت اس رپورٹ کو مسترد کرے ، ان الزامات کو فرضی قرار دے وہ کسی بھی طرح ان سے بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔ مذکورہ یورپی تنظیم آزاد اور غیر جانبدار ہے پاکستان سے اس کا کوئی تعلق واسطہ نہیں۔ اس کے پاکستان کے زیر اثر ہونے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بھارت کے موقف میں ذرا سی بھی صداقت ہوتی تو وہ اس یورپی تنظیم کو عالمی عدالت انصاف میں لے جاتا۔ اس کی طرف سے رپورٹ کو مسترد کر دینا اسے بے قصور ثابت نہیں کر سکتا۔
بھارت ایک طرف تو جھوٹ کی بنیاد پر پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کے لئے کوشاں رہتا ہے دوسرے وہ پاکستان پر پابندیاں لگوانے کے لیے بھی ایسے ہی حربے احتیار کرتا ہے۔ اس نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرایا اور گرے سے بلیک لسٹ میں شامل کرانے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔ اس حوالے سے بھی ڈس انفولیب نے ثبوت فراہم کئے ہیں۔ بھارت نے /5 اگست2019ء کو مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کر کے شب خون مارا تھا۔ اس کے دو ماہ بعد یورپی پارلیمان کے 28 رکنی وفد کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرایا گیا اس دورے کا اہتمام بھی را کے ماتحت کام کرنے والے ایک گروپ نے کیا تھا ، دورے میں برطانوی لبرل ڈیموکریٹک رکن کرس ڈیوس کو پارلیمانی وفد سے اس وجہ سے ڈراپ کر دیا گیا کہ اس نے مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ طور پر کشمیریوں سے سوال کرنے کے بابت پوچھا تھا۔
بھارت کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے ثبوت د نیا کے سامنے آ چکے ہیں۔ 44 بینک مودی سرکار کے ایما پر منی لانڈرنگ کرتے رہے۔ اقلیتوں کے حقوق کا کوئی تحفظ نہیں ہے۔ عالمی سطح پر آزادی مذہب پر نظر رکھنے والے امریکی کمیشن یو ایس سی آئی آر ایف نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ بھارت میں مذہب کے نام پر استحصال کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں مظالم اور بربریت کی پوری دنیا مذمت کر چکی ہے۔ ایسی صورت حال میں بھارت کو اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی زد میں لایا جا سکتاہے۔ پاکستان کو اپنی سفارتکاری کو مزید فعال کرنا ہو گا۔ ہم خیال ممالک کو ساتھ ملا کر بھارت کے خلاف پابندیوں کی کوششوں کا آغاز کر دینا چاہئے اسے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کے لئے بنیاد تیار رہے۔
آرمی چیف کا شہداء سندھ رینجرز
کو زبردست خراج عقیدت
امن و امان کے حوالے سے مسائل داخلی ہوں یا خارجی سطح پر مشکلات ہوں یا سرحدوں کی پہرے داری جیسے معاملات ہوں پاکستان کی مسلح افواج سمیت تمام فورسز اور سکیورٹی اداروں نے کوئی دقیقہ فروگزاشت کئے بغیر فرض نبھایا ہے اور جوانوں کی طرف سے جانیں قربان کرنے سے ہی امن کی شمعیں روشن ہیں جن کے اعتراف سے قومی عسکری اداروں کا مان بڑھتا ہے اور جوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ اسی لئے (ہفتہ کو)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کراچی پہنچے جہاں انہوں نے اے ایس ایف کی پاسنگ آئوٹ تقریب میں کیڈٹس کو انعامات دیئے۔ سندھ رینجرز ہیڈکوارٹرزمیں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے ۔ قوم اپنی عسکری قیادت کے وژن اور جوانوں کے جذبہ جواں کو سلام پیش کرتی ہے اور آزمائش کی ہر گھڑی میں اپنے قومی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ کے لاہور کے لیے میگا پراجیکٹ
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سر گنگا رام ہسپتال میں زیر تعمیر ’’مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال‘‘ کا دورہ کیا۔جمعہ کی سہ پہر وزیر اعلیٰ ہائوس میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے صوبائی دارالحکومت (لاہور) کے لیے میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا جن میں سٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک اوورہیڈ برج، فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال ، شاہکام چوک اور کریم بلاک مارکیٹ چوک میں فلائی اوور سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ کے بقول 36 اضلاع کی ڈویلپمنٹ پروفائل بھی تیار کر لی گئی ہے ، -50 الیکٹرک بسیں لاہور میں چلانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ امید ہے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان کے اعلان کردہ میگا پراجیکٹس پر جلد کام شروع ہو جائے گا اور یہ منصوبے فن تعمیر اور معیار کے اعتبار سے شاہکار ہونگے۔