لاہور جلسہ‘ توڑ پھوڑ‘ تالے توڑنے‘کرسیاں فراہم کرنے پر 3 مقدمے‘ پارک کی صفائی جاری
لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے پر دو مقدمات درج کر لیے۔ تھانہ لاری اڈا میں درج کیے گئے مقدمات پی ایچ اے سکیورٹی انتظامیہ کی مدعیت میں درج کیے گئے جن میں سنگین نتائج کی دھمکیاں، توڑ پھوڑ، کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔ پہلا مقدمہ سکیورٹی سپروائزر محمد یوسف کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ ذیشان حیدر نقوی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ دونوں مقدمات میں پارک کے تالے توڑنے اور زبردستی داخل ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق 20 سے 25 افراد لوگ آئے جنہوں نے 5 نمبر گیٹ کو ہتھوڑے اور اینٹوں کی ضرب مار کر توڑ دیا۔ سیکورٹی گارڈ کو دھکے مارتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ جبکہ دوسرے مقدمہ کی ایف آئی آر کے مطابق چند کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے زبردستی گاڑیوں کو بمعہ سامان پارک کے اندر داخل کیا گیا۔ دوسری جانب جلسے کے بعد لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں صفائی کا کام جاری ہے۔ گزشتہ روز پی ڈی ایم نے مینار پاکستان کے سائے تلے بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا تاہم شرکاء نے پارک میں ہر طرف کچرا ہی کچرا کر دیا۔ پارک کی صفائی کا کام جاری ہے۔ جبکہ تاریخی مینار پاکستان کے اردگرد لگایا گیا جنگلا بھی ٹوٹ گیا۔ اس کے علاوہ پارٹیوں کے جھنڈے اور ٹوٹی کرسیاں بکھری ہوئی تھیں۔ دریں اثناء پی ڈی ایم جلسے میں کرسیاں فراہم کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر تھا نہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کر لیا۔ خریدار محمد شفیق کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔