یاور عباس‘ خیال کاستروکی پنجاب کابینہ میں شمولیت‘ عون چودھری معاون خصوصی ہونگے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ کل بروز بدھ دو نئے وزراء اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ان وزراء کے نام سید یاور عباس بخاری اور خیال کاسترو ہیں جن سے کل حلف لیا جائے گا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہو گی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور وزراء سے حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق عون چودھری کی حکومت میں واپسی کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا ہے۔ عون چودھری معاون خصوصی برائے سیاسی امور کا قلمدان سنبھالیں گے۔ پنجاب کابینہ میں شامل کیے جانے والے دونوں وزراء کے قلمدان کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو اعتماد میں لے لیا۔ وزیراعظم نے منظوری دیدی۔