• news

لاہور جلسہ: ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے لیگی عہدیداروں کو ہٹانے کا فیصلہ

 اسلام آباد (وقائع  نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی  سی ڈبلیو سی، سی ای سی  اور ارکان اسمبلی  کے اجلاس میں  لاہور کے جلسہ میں بھرپور حصہ نہ ڈالنے والے مسلم لیگی رہنمائوں  کا احتساب  کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جلسہ کے سلسلے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے عہدیداروں کو ہٹا دیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن)  کے ہیڈ کوارٹر  میں پارٹی نے  کنٹرول  روم بنایا تھا۔ جہاں مختلف شہروں  سے آنے والے جلوسوں کے قائدین کو وٹس ایپ  پر وڈیو بھجوانے کی ہدایت کی گئی جن شہروں سے وڈیو شیئر نہیں کی گئیں یا ان کے جلوسوں  میں کم لو گ تھے ان کے بارے میں پارٹی کی سطح پر تحقیقات کی جائے گی۔ ذرائع  کے مطابق سب سے بڑا جلوس  فیروز والا  سے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین  کا  جلسہ گاہ میں سب سے پہلے پہنچا۔ اجلاس میں بعض رہنمائوں  کے بارے میں کہا گیا کہ وہ اکیلے ہی جلسہ میں آئے۔ انہوں نے اپنے حلقے  کے کارکنوں کے لئے ٹرانسپورٹ  کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ نائب صدر مریم نواز شریف جلسہ بارے میں مطمئن دکھائی نہیں دیں۔  انہوں نے کہا کہ اگرچہ جلسہ بہت بڑا تھا لیکن جس قدر وہ لوگوں کی تعداد جلسہ میں دیکھنا چاہتی تھیں نہیں تھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ مینار پاکستان جلسے میں5 لاکھ کارکن جمع ہو نے چاہیں تھے۔ تاہم ایسا نہیں ہواجن لوگوں نے ذمہ داری ادا نہیں کی، ان سے پوچھا جائے گا۔ بعض رہنمائوں  نے کہا کہ  جلسہ گاہ  میں بے پناہ سردی کے باوجود متاثر کن  حاضری تھی۔ اجلاس خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کچھ لوگوں نے جلسے کے حوالے سے پوری ذمہ داری نہیں نبھائی۔ خواجہ سعد رفیق نے پارٹی تنظیم میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سزا اور جزا کا عمل ہونا چاہیے۔ جن لوگوں کو جلسے کی ذمہ داریاں دی گئیں، ان میں سے کچھ نے پوری ذمہ داری نہیں نبھائی۔ مریم نواز نے کہا کہ جنہوں نے ذمہ داری نہیں اٹھائی، ان سے  پوچھا جائے گا۔ جن لوگوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ  ہمارا مقابلہ صرف عمران خان سے نہیں ہے۔  پارٹی میں جونیئر ہونے کے باوجود آپ لوگوں نے جو مجھے عزت دی، میں اسے بھلانہیں سکتی۔ پی ڈی ایم کے فیصلے  کی روشنی میں کب  استعفے دئیے جائیں گے اس بارے میں   سے مشاورت کی شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے جلسہ بارے مریم نواز کی تعریف کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جلسہ کے انعقاد میں انہوں نے سرگرم کردار ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن