کرونا: مزید 33جاں بحق، اداکارہ صنم جنگ سمیت2362کے ٹیسٹ مثبت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 487 ہے، 3 لاکھ 84 ہزار 719 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 832 تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2 ہزار 362 کے نتائج مثبت آئے، مزید 36 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، ایک ہزار 719 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔ فعال کیسز 47236 ہو گئے۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 343 کیسز کا اضافہ اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار 702 تک پہنچ گئی۔ مزید6 مریض انتقال کرگئے، اموات 3 ہزار 164 تک پہنچ گئیں۔ صوبہ پنجاب میں329 نئے کیسز سامنے آئے، متاثرین ایک لاکھ 27 ہزار 541 ہوگئے۔ مزید 14 مریض لقمہ اجل بنے،اموات 3 ہزار 365 ہوگئیں۔ خیبر پی کے میں مزید 357 افراد متاثر، مجموعی متاثرین 52 ہزار 92 ہوگئے۔ مزید 10مریضوں کا انتقال، تعداد ایک ہزار 473 پر جا پہنچی۔ بلوچستان میں 8 کیسز سامنے آئے، مجموعی کیسز17 ہزار 745 ہوگئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 175 پر برقرار رہی۔ اسلام آباد میں مزید 261 کیسز کی تصدیق، تعداد 34 ہزار 840 تک جا پہنچی۔ مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے، اموات 371 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں 56 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد 7 ہزار 719 ہوگئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 191 پر برقرار رہیں۔ گلگت بلتستان میں 8 نئے کیسز رپورٹ، تعداد 4 ہزار 791 ہوگئی۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 ہی رہی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابقشفایاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 84 ہزار 719 ہوگئی۔ملک میں کروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح دو فیصد جبکہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح 87 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں کرونا وائرس کے کل 60لاکھ64ہزار220ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق کرونا وائرس کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3ہزار 365افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ این اوسی کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.9فیصد ہو گئی۔ کراچی کرونا مثبت کیسز کی شرح 17.39فیصد ہے۔ این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43فیصد ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 10.83 فیصد، بلوچستان میں 11.62، گلگت بلتستان میں 2.68، اسلام آباد 6.16، خیبر پختونخوا 11.29اور سندھ میں 11.47فیصد تک ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.42ہے۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا میں 7کروڑ 26لاکھ 46ہزار سے زائد افراد متاثر اور 16لاکھ 18ہزار 908اموات ہو چکی ہیں۔ دنیا میں کرونا کے 5کروڑ 8لاکھ 64ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے اور 2کروڑ ایک لاکھ 62ہزار سے زائد زیرعلاج ہیں۔ امریکہ میں 3لاکھ 6ہزار459اموات ہو چکی ہیں اور ایک کروڑ 67لاکھ 37ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ بھارت میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 43ہزار393اور 98لاکھ 84ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں 18 لاکھ 49 ہزار کرونا کیسز اور 64 ہزار 170اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت آنے کے دو گھنٹے کے اندر مریض دم توڑ گیا محلہ پراچگان بھیرہ کا عرفان پراچہ گزشتہ چند روز سے بیمار تھا اور کرونا ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ آنے پر اس کی حالت غیر ہو گئی اور اس نے دو گھنٹے کے اندر ہی دم توڑ دیا متوفی کو اس کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ماہرہ خان کے بعد ادکارہ صنم جنگ بھی کرونا وائرس کی لپیٹ میں آ گئیں مارننگ سٹو کی میزبان اور اداکارہ صنم جنگ نے وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی سٹوری پرا پنے ٹیسٹ کی خبر دی صنم جنگ نے کہا کہ میں اپنے چاہنے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ کوئی سلگین علامات ظاہر نہیں ہوئیں اس کے باوجود میں نے خود کو بیٹی کے ہمراہ قرنطینہ کر لیا ہے۔ سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کا اعلان کر دیا سعودی حکومت کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے کامیابی سے کرونا وائرس پر قابو پا لیا ہے۔ سعودی عرب میں اتوار کے روز کرونا کے صرف 139 کیسز رپورٹ ہوئے جو ملک میں مارچ سے شروع ہونے والی کرونا لہر کے بعد اب تک سب سے کم کیسز ہیں۔ امریکہ میں شہریوں کو کرونا ویکسین دینے کا آغاز ہو گیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ میں پہلی کرونا ویکسین نیو یارک میں ایک ہیلتھ ورکر کو دی گئی ہے۔ لندن میں کرونا کے کیسز بڑھنے سے روکنے کیلئے سخت پابندیاں لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نائیجیریا کی فوج کے 26 جنرل عالمی وبا کرونا وائرس کا شکار ہو گئے جبکہ کرونا سے بھی ایک میجر جنرل ہلاک ہو گیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سالانہ کانفرنس میں شرکت کے بعد فوجی اہلکاروں کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ کانفرنس کو فوری ختم کرکے شرکاء کو تنہائی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔