• news

  وزیر اعظم کے ٹوئٹر پر 13ملین فالورز‘ عوام کو کتاب ہسٹری آف پٹھانز پڑھنے کی تجویز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم  عمران خان  کے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر فالورز کی تعداد ایک کروڑ 30لاکھ   ہوگئی ہے۔   مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کو 13 ملین صارفین نے فالو کرلیا ہے۔ جس کے بعد اب عمران خان پاکستان کے پہلے سیاستدان  ہیں جن کے ٹوئٹر پر 13 ملین فالوورز ہیں۔ رواں سال اکتوبر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر وزیراعظم عمران خان کے 10 ملین سے زائد فالوورز تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کتب بینی خاص طور پر تاریخ سے متعلق کتابیں پڑھنے کا شوق رکھتے ہیں اور نوجوان کو بھی اس حوالے سے کتابیں تجویر کرتے رہے ہیں۔ اب گزشتہ کچھ مہینوں سے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے باقاعدہ طور پر مہینے میں ایک کتاب پڑھنے کی تجویز دی ہے۔ گزشتہ روز اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ پوسٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ ’اس مہینے میں، بریگیڈیئر ہارون رشید کی کتاب ’ہسٹری آف دی پٹھانز‘ پڑھنے کی تجویز دے رہا ہوں۔ وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ اس کا والیم 7 جو میں پڑھ رہا ہوں، وہ مجھ جیسے پٹھان قبیلوں سے متعلق ہے جو پچھلے ایک ہزار سالوں میں افغانستان سے بھارت آئے اور بھارت کے مختلف حصوں میں آباد ہو گئے۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ کتاب برصغیر کی تاریخ تشکیل دینے میں پٹھانوں کے کردار سے متعلق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن