پاکستان خطہ میں امن و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد اور افغانستان میں ریزولوٹ سپورٹ مشن کے سربراہ جنرل آسٹن سکاٹ ملر نے گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات خطہ میں سلامتی کی صورتحال، بطور خاص افغانستان کا جاری امن و مفاہمت کا عمل زیر غور آئے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے ریزولوٹ سپورٹ مشن کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ مہمان امریکیوں نے خطہ میں امن کے مشترکہ مقصد کیلئے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔