اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال کو عدالت میں ہتھکڑی لگانے کے خلاف پنجاب بھر میں ریونیو عملے کی قلم چھوڑ ہڑتال
سیالکوٹ‘ بھیرہ‘ ساہیوال‘ سرگودھا‘ ڈسکہ‘ رینالہ خورد‘ وہاڑی‘ پھلروان‘ سمبڑیال‘ نوشہرہ ورکاں (نامہ نگاران‘ نمائندگان خصوصی) اسسٹنٹ کمشنر راجہ محمد حیدر کے ساتھ سول جج محمد نعیم کے ناروا سلوک کے خلاف سیالکوٹ‘ بھیرہ‘ رینالہ خورد‘ ڈسکہ‘ ساہیوال اور سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو عملہ نے قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے دفاتر کی تالہ بندی کردی۔ رینالہ خورد میں ریونیو اہلکار سراپا احتجاج، قلم چھوڑ ہڑتال جاری۔ اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد رضوان اشرف کا کہنا ہے کے ہم عوام کے خادم ہیں اور عوامی خدمت میں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں مگر انتظامی آفیسرز کی پے درپے عزت نفس مجروح کرنا اور پے درپے ماورائے قانون اقدامات بڑھتے جارہے ہیں اپنی عزت نفس پے کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔ساہیوال میں اسسٹنٹ کمشنر کو ہتھکڑی لگانے پر میونسپل کمیٹی ڈسکہ آفس نے قلم چھوڑ ہڑتال کردی۔ دریں اثناء ساہیوال اور سرگودھا میں بھی اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال محمد عمران حیدر کیساتھ سول جج محمد نعیم کے ناروا اور ہتک آمیز رویہ روا رکھنے کے خلاف محکمہ ریونیو اور میونسپل کمیٹی کے افسران و ملازمین کا شدید احتجاج،دفاتر کو تالے لگا کر ہڑتال کردی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ریونیو کے تحصیلدر فتیح اللہ،نائب تحصیلدار ملک ممتاز فروکہ،گرداوروں محمد فیاض،حافظ محمد رمضان،ثنا اللہ،انجمن پٹواریان کے صدر ملک محمد اسماعیل،جنرل سیکرٹری محمد رمضان اور دیگر پٹواریوں کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹی کے عملہ نے تحصیل آفس میں سول جج محمد نعیم کے رویہ اور اے سی عمران حیدر کو ہتھکڑی لگوانے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے دفاتر کو تالے لگا دئے اور قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔