• news

معذوروں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں،صدر مملکت

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کو سہولیات دینے کیلئے ان کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور سادہ بنانے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ معذوروں کی خصوصی ضروریات پوری کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ صدر گذشتہ روز ایوان صدر میں خصوصی افراد کی بہبود سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چیئرمین نادرا عثمان مبین اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔ چیئرمین نادرا نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے صدر کو آگاہ کیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ خصوصی افراد کے بارے میں ایک سروے کرایا جائے تا کہ ان کے مسائل حل کرنے کیلئے حکمت عملی بنائی جا سکے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت خصوصی افراد کے بارے میں ایک سروے کیا جا رہا ہے جو 2021 میں مکمل ہو جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن