ایمرجنسی ٹینڈرز پر مہنگی ایل این جی سپلائی کی 3 بولیاں سامنے آ گئیں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایمرجنسی ٹینڈرز پر مہنگی ایل این جی سپلائی کی تین بولیاں سامنے آ گئیں۔ ذرائع کے مطابق جنوری میں ایل این جی سپلائی کیلئے 19.80 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک بولی موصول ہوئی۔ بولی موجودہ خام تیل برینٹ کی قیمت کے 39.62 فیصد کے برابر بنتی ہے۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے تین کارگوز کیلئے ایمرجنسی ٹینڈرز جاری کئے تھے۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ پٹرولیم ڈویژن کی کمپنی ہے۔ ایمرجنسی ٹینڈرز 8 سے 18 جنوری تک مختلف تاریخوں میں ڈلیوری کیلئے جاری ہوئے تھے۔ ان ایل این جی کارگوز کیلئے اس سے قبل ٹینڈرز پر کوئی بولی نہیں آئی تھی۔ 8 سے 9 جنوری ایل این جی سپلائی کیلئے ڈی ایکس ٹی نے 15.28 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی دی۔ ٹرائی فیگیورا نامی کمپنی نے 19.80 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی دی۔ 12 سے 13 جنوری کی ایل این جی سپلائی کیلئے کوئی بولی موصول نہیں ہوئی۔ 17 سے 18 جنوری ایل این جی سپلائی کیلئے ڈی ایکس ٹی کی 12.95 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی آئی۔ ٹرائی فیگیورا نے 15.95 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی دی۔