گھی کی قیمتیں 10 روپے کلو اضافے کیساتھ ملکی تاریخ کی بلند ترین پر پہنچ گئیں
رحیم یار خان (احسان الحق سے) گھی اور چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی کا رجحان۔گھی کی قیمتیں 10 روپے فی کلو مزید اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 225 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئیں جبکہ چینی کی 100 کلو گرام والی بوری کی قیمت غیر متوقع طور پر 400 روپے اضافے کے ساتھ سات ہزار 500 روپے تک پہنچ گئیں۔ذرائع کے مطابق رواں سال کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی کے باعث کاٹن سیڈ آئل کی دستیابی میں ریکارڈ کمی جبکہ ملائشیا میں پام آئل کی قیمتوں میں تیزی کے رجحان کے باعث پاکستان میں گھی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے جس کے باعث گھی کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا کہ آئندہ چند روز کے دوران گھی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آئے گا۔مزید معلوم ہوا ہے کہ چینی کی مسلسل کم ہوتی ہوئی قیمتوں کے باعث گھی ملز مالکان نے ایک کارٹل کے ذریعے چینی کی قیمتوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ منافع کمایا جا سکے