• news

لاپتہ افراد سے متعلق کمشن نے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کو جواب جمع کرادیا

اسلام آباد(نا مہ نگار)لاپتہ افراد سے متعلق انکوائری کمشن نے جنیوا میں  جبری طور پر لاپتہ افراد کے بارے میں اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کو جواب جمع کرادیا ہے جو کہ ہر اجلاس میں پاکستان سمیت رکن ممالک کے کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیتا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کے 21ستمبر سے 30 ستمبر تک ہونے والے 122ویں اجلاس کے بعد اس سے مواد وصول ہو گیا ہے جس میں کمیشن نے تفصیل سے رپورٹس کا جائزہ لیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کی بنیاد پر اقوا م متحدہ کے جبری طورپر لاپتہ افراد کے بارے میں ورکنگ گروپ نے  پاکستان کے حوالے سے 174 کیسز کو نمٹا دیا۔ گزشتہ 6ماہ کے دوران مزید 77کیسز درج کئے گئے ہیں ۔ ان کیسز کے بارے میں 6ماہ کے دوران ذرائع سے کوئی شکایت نہ ملنے پر اقوا م متحدہ کے ورکنگ گروپ کی جانب سے ان کو نمٹا دیا جائے گا ۔ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ وزارت خارجہ،اقوا م متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ، کمیشن ، وفاقی، صوبائی سطح  اور  تمام متعلقہ فریق پاکستان کا کیس اچھے طریقے سے پیش کررہے ہیں۔لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی انتھک کوششوں کے باعث کمیشن نے ہمیشہ  پاکستان کی نمایاں کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن