آر یا پار سے جلسہ مراد تھا، حکومت روکنے کیلئے پورا زور لگارہی تھی :رانا ثنااللہ
لاہور(آئی ا ین پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آر یا پار سے جلسہ مراد تھا،اس نالائق اور نااہل ٹولے کو آخری دھکا دینے کے لیے سب اسلام آباد پہنچیں گے،بہت ساری دنیا پنڈال میں نہیں پہنچ سکی، پنڈال سے زیادہ لوگ باہر بیٹھے تھے۔ مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ کامیاب لاہور جلسے پر پی ڈی ایم قیادت کو مبارکباد دیتا ہوں، حکومت کے تمام اقدامات کے باجود عوام نے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کی، لاہور بھی نکلا باہر سے بھی لوگ جلسے میں آئے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ جلسے کے شرکا کو گاڑیاں دینے سے روکا گیا اور کرسیاں تک نہیں لانے دی گئیں، ایک استعفے اور دوسرا فیصلہ کن لانگ مارچ کا آپشن ہے، لانگ مارچ جنوری ہو یا فروری میں بھرپور طریقے سے شامل ہوں گے، اس نالائق اور نااہل ٹولے کو آخری دھکا دینے کے لیے سب اسلام آباد پہنچیں گے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ آر یا پار سے مراد جلسہ تھا ، حکومت پورا زور لگارہی تھی کہ جلسہ نہیں ہونے دینا، بہت ساری دنیا پنڈال میں نہیں پہنچ سکی، پنڈال سے زیادہ لوگ باہر بیٹھے تھے، امید ہے ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ پی ڈی ایم کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، بے پناہ مقدمات کا اندراج اور کورونا پروپیگنڈے کے باوجود عوام نے پی ڈی ایم کا ساتھ دیا۔