• news

چڑیا گھر کے ڈیلی ویجر کی مستقل نہ کرنے پر خودسوزی ناکام، گرفتاری و رہائی

لاہور (چودھری اشرف) لاہور چڑیا گھر میں ڈیلی ویجز ملازم نے مستقل نہ کیے جانے اور من پسند کی ڈیوٹی نہ ملنے پر گذشتہ روز لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کے دفتر میں خود پر تیل چھڑک کر خود سوزی کرنے کی کوشش کی۔ تاہم وہاں پر موجود ملازمین نے اس کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور ڈائریکٹر نے فوری طور پر تھانہ سول لائنز کو رپورٹ کر کے چڑیا گھر کے ملازم واجد کو فوری طور پر حوالہ پولیس کر دیا۔ تاہم بعد ازاں پولیس نے اس ملازم کو چڑیا گھر انتظامیہ کے ساتھ معاملات کو سلجھانے کی شرط پر چھوڑ دیا۔ ڈیلی ویجز ملازم نے ایک مرتبہ پھر لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس کی من پسند جگہ گارڈوں میں ڈیوٹی نہ دی گئی تو وہ انتظامیہ پر ایسے الزامات لگائے گا جس سے انتظامیہ کے لیے مشکل کھڑی ہو جائے گی۔ لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر نے جھوٹے الزامات سے بچنے کے لیے ڈیلی ویجز ملازم کو ایک مرتبہ پھر منگل سے دوبارہ ڈیوٹی جوائن کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی واجد ڈیوٹی کے دوران من مانیاں کرتا رہا ہے اور کسی کو کوئی خاطر میں نہیں لاتا ہے۔ چند ماہ قبل چڑیا گھر کے اس ملازم  نے ڈائریکٹر کی رہائشگاہ پر پہنچ کر اپنے دوستوں کے ساتھ ان کی گاڑی کو روک کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔ پولیس سے مالیوں میں شفٹ کر دیا گیا تھا۔ جس پر واجد مسلسل انتظامیہ سے نالاں تھا۔ واضح رہے سابقہ حکومت پنجاب کے دور میں تمام محکموں میں چھوٹے درجہ کے تمام ملازمین کنفرم ہو گئے تھے۔ تاہم لاہور چڑیا گھر میں سابقہ حکومت کے احکامات پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔ جس کی وجہ سے ملازمین سخت بد دلی کا شکار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن