کووڈ کی روک تھام،جاپان کا گرانٹ میں مزید 95 لاکھ ڈالر کا اضافہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)جاپان نے کووڈ-19 کی روک تھام اور دیگر وبائی امراض کے خلاف اقدامات کے لیے اپنی گرانٹ میں مزید 95 لاکھ ڈالر کا اضافہ کردیا۔جاپان کے سفیر اور معاشی امور ڈویڑن کے سیکریٹری نور احمد نے دستاویزات پر دستخط کیے: اسلام آباد میں جاپان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے دستاویزات پر جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری اور معاشی امور ڈویڑن کے سیکریٹری نور احمد نے دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ یہ گرانٹ آلات اور مشینری کی خریداری کے لیے استعمال ہوگی جو طبی اداروں کو مہیا کی جائے گی۔اس پروگرام کے تحت ایکسرے مشین کے علاوہ 30 اقسام کی طبی آلات پاکستان میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے ہسپتالوں کو فراہم کیے جائیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ این ڈی ایم اے نے 2007 میں اپنے قیام سے اب تک قومی سطح پر سیلاب، زلزلے، کووڈ-19 اور ٹڈی دل جیسے بحرانوں میں مؤثر اقدامات کیے ہیں۔جاپانی سفارت خانہ اور این ڈی ایم اے پاکستان میں کووڈ-19 کے آغاز سے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور طبی اداروں میں صف اول میں کام کرنے والے عملے کو پہلی ترجیح دے رہے ہیں۔ جاپان کے سفیر نے کہ ہماری گرانٹ سے نہ صرف کووڈ-19 کی روک تھام کے لیے صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں کسی خطرے کے لیے بھی تیاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جاپان نے عالمی طور پر کووڈ-19 جیسے نامعلوم وائرس سے نمٹنے کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے اپنے تعاون کے حوالے سے بھرپور عزم دہرایا ہے۔اس سے قبل جاپان نے رواں برس فروری میں پاکستان میں پہلا کیس سامنے آنے سے تین ہفتے قبل تشخیصی کٹس فراہم کی تھی، جس کے بعد عالمی اداروں کے ذریعے 74 لاکھ 10 ہزار ڈالر فراہم کر دیے ہیں۔