یاور عباس‘ خیال کاسترو نے وزارت کا حلف اٹھا لیا‘ حکومت بلیک میل نہیں ہو گی: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے 2 ارکان پنجاب اسمبلی سے صوبائی وزیر کا حلف لیا۔ تقریب میں صوبائی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت تحر یک انصاف کے ارکان اسمبلی،چیف سیکرٹری او ر آئی جی پنجاب سمیت دیگر نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب اور دیگر نے دونوں صوبائی وزراء کو مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سید یاور عباس بخاری اور خیال کاسترو سے صوبائی وزیر کا حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد نئے صوبائی وزرا سید یاور عباس بخاری اور خیال کاسترو نے گور نر پنجاب سے ملاقات بھی کی۔ پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ 31دسمبر تک اپوزیشن کے استعفے جمع ہوں گے اور نہ ہی حکومت اپوزیشن کے ہاتھوں کسی صورت بلیک میل ہوگی۔ عوام نے ہمیں 5 سال کا مینڈ یٹ دیا ہے اور اپوزیشن کے تمام تر عزائم کے باوجود حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر یگی اورعام انتخابات 2023 میں ہی ہوں گے۔ اپوزیشن سے پاکستان کا کامیابی سے آگے بڑھنا ہضم نہیں ہورہا اس لیے وہ حکومت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔