کرونا: لیڈی ڈاکٹر سمیت 73جاں بحق، 2460نئے مریض ، سابق وزیر غلام دستگیر متاثر
لاہور‘ گوجرانوالہ‘ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی‘ خصوصی نمائندہ‘ نوئاے وقت رپورٹ‘ نیوز ایجنسیاں) پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 73 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 905 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد4 لاکھ 43 ہزار 246 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 460 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 28 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 96 ہزار 962، خیبر پی کے میں 52 ہزار 757، بلوچستان میں 17 ہزار 771، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 793، اسلام آباد میں 35 ہزار 45 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 750 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 60 لاکھ 98 ہزار 771 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 551 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 3 لاکھ 86 ہزار 333 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 456 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ فعال کیسز 48 ہزار 8 ہو گئے۔ پنجاب میں 3 ہزار 422، سندھ میں 3 ہزار 164، خیبر پی کے میں ایک ہزار 477، اسلام آباد میں 377، بلوچستان میں 175، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 191 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حکومت نے 8 غیرملکی دوا ساز کمپنیوں سے کرونا کی ویکسین خریدنے کیلئے رابطے کر لئے۔ وی سی نیشنل ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد ڈاکٹر اسد حفیظ کا کہنا ہے کہ فائزر اور ماڈرنا کی میسنجر آر این اے ویکسینز میں پاکستانی حکام کی دلچسپی کم ہے۔ میانوالی ضلع میں کرونا وائرس سے متاثرہ ایک اور مریض چل بسا۔ ضلع میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہو نیوالوں کی تعداد66ہوگئی ہے ادھر پاکستان والی بال ٹیم کے سابق کپتان چوہدری رفیق کے بھانجے فیاض احمد کرونا کے باعث کبیر والا میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی۔ قومی ہیرو و سابق کپتان نے دوست احباب سے اپیل کی ہے۔ مرحوم کے بلند درجات کے لئے دعا کی جائے۔ واضح رہے کہ پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد کے مطابق کرونا ویکسین کے لئے حکومت فنڈ اکٹھا کر رہی ہے۔ 2021ء کی دوسری سہ ماہی میں ویکسین لگانا شروع کر دیں گے اور ویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔ کرونا سے خیبر پی کے میں ایک اور لیڈی ڈاکٹر جاں بحق ہو گئی خیبر پی کے میں کرونا سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 31 ہو گئی لیڈی ڈاکٹر پشاور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھی۔ سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) وسابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خاں بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ پولیٹیکل سیکرٹری ناصر کھوکھر نے بھی تصدیق کر دی۔ یاد رہے چند روز قبل ان کی دوبیٹیوں اور نواسی میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جس کے بعد گھر کے دیگر افراد کے بھی سیمپل لیے گئے تھے۔ کرونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد غلام دستگیر خان نے اپنی تمام تر سیاسی و نجی مصروفیات ترک کر دی ہیں۔ پنجاب میں 3 ہزار 422 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 49 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 8 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 477 جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 377 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، بلوچستان میں 175 اموات، گلگت بلتستان میں 99 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 191 اموات ہو چکی ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 60 لاکھ 98 ہزار 771 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 615 ہسپتالوں میں 3 ہزار 57 مریض زیر علاج ہیں۔ ادھر امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سنے ماڈرنا کرونا ویکسین کی آزمائش کے نتائج کا ڈیٹا جاری کر دیا گیا۔ ایف ڈی اے کے مطابق ماڈرنا ویکسین انتہائی محفوظ اور سنگین خطرات سے بچاؤ میں بے حد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ کرونا کے سبب بھارتی پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔