شیخ رشید سے سعودی سفیر‘ ڈی جی ایف آئی اے کی ملاقات‘ وزیر داخلہ آج ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرینگے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی۔ سعودی سفیر سے ملاقات میں پاکستان سعودی عرب تعلقات، سعودیہ میں پاکستانی قیدیوں کی جلد بازیابی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب میںکفالت سے متعلق نئے لیبر قوانین سے پاکستانی لیبر کو فائدہ ہوگا۔ سعودی سفیر نے شیخ رشید احمد کو وزارت داخلہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد (آج) بدھ کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کریں گے۔ شیخ رشید سے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے ملاقات کی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے وزیر داخلہ کو ایف آئی اے کے امور اور کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء آئی جی اسلام آباد پولیس عامر ذوالفقار نے بھی وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔