محمود اچکزئی، بیگم صفدر لاہور کے غیور عوام کی توہین پر معافی مانگیں: فیاض چوہان
لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تاریخ کے سیاہ باب سے پردہ اٹھا دیا۔ انہوں نے اچکزئی خاندان اور ہندو کانگریسی لیڈروں کی تصویر ٹویٹر پر شیئر کر دی۔ تصویر میں محمود خان اچکزئی کے والد عبدالصمد اچکزئی، نہرو اور اندرا گاندھی کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ اسفند یار ولی کے دادا باچا خان نے راجیو گاندھی کو گود میں اٹھایا ہوا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عوام فیصلہ کریں، انگریزوں کے غلام شیر دل لاہوری تھے یا کانگریسی ہندوؤں کی غلامی کرنے والا اچکزئی خاندان۔ غدار النسل محمود خان اچکزئی، مکس اچار پارٹی کے سیاستدانوں اور ان کے آبا ؤ اجداد نے ہر دور میں سامراج کی چاکری کی۔ پاکستان ڈاکو موومنٹ کا ملک دشمن بیانیہ تہہ در تہہ کھل کر سب کے سامنے آ رہا ہے۔ بیگم صفدر اعوان اور محمود خان اچکزئی لاہور کی غیور عوام کی توہین کرنے پر معافی مانگیں۔