• news

اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال سے جج کا ناروا سلوک‘ ریونیو ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال

ساہیوال/ سرگودھا/ جڑانوالہ/ وزیر آباد/ میانوالی/ کامونکے (نامہ نگاران+ نمائندگان خصوصی) اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال راجہ محمد حیدر سے سول جج کے ناروا سلوک، عدالت میں ہتھکڑیاں لگانے کیخلاف ساہیوال سرگودھا، جڑانوالہ، وزیر آباد‘ میانوالی اور کامونکے سمیت پنجاب بھر میں ریونیو ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے اعلیٰ حکام  سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ سول سوسائٹی نے اسسٹنٹ کمشنر کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلیاں بھی نکالیں۔ انجمن تاجران ساہیوال، ٹریڈرز ونگ اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے تحصیل کمپلیکس سے ایک ریلی نکالی۔ سرگودھا میں ریونیو ملازمین نے معاملہ کی محکمانہ تحقیقات کرنے اور سول جج کے تبادلہ کا مطالبہ کرتے ہوئے دوسرے روز بھی کام چھوڑ ہڑتال کی۔ 17دسمبر  تک مطالبات پورے ہونے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج پورے پنچاب تک پھیلا دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے دوسرے روز بھی اپنا احتجاج جاری رکھا۔ میانوالی میں پٹواریوں نے ڈویژن صدر انجمن پٹواریان کے حکم پر قلم چھوڑ ہڑتال کی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرہ کے شرکاء نے سول جج کے ناروا رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کا احترام اپنی جگہ مگر اس قسم کا ہتک آمیز رویہ افسوسناک ہے۔ جڑانوالہ میں انجمن پٹواریاں کی ریلی۔ قلم چھوڑ ہڑتال، ریلی تحصیل کونسل ہال سے نکل کر مختلف جگہوں سے ہوتی ہوئی تحصیل کچہری چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ وزیرآباد میں   ریونیو ملازمین بشمول اراضی ریکارڈ سینٹرز سٹاف کی طرف سے قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی۔ بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھی گئیں۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال راجہ محمد حیدر سے اظہارِیکجہتی کیلئے صدر انجمن پٹواریاں تحصیل کامونکے رانا عبدالجبار کی زیرصدارت ہڑتالی کیمپ لگایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن