سردی: ایل این جی خریداری میں تاخیر‘ جنوری‘ فروری میں گیس بحران بڑھنے کا خدشہ
کراچی (این این آئی) موسم سرما کی شدت میں اضافہ، ممکنہ لائن پیک کے مسائل اور ایل این جی کی خریداری میں تاخیر کے باعث ملک بھر میں جنوری اور فروری کے دوران گیس بحران میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ میدانی علاقوں میں شدید سردی اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث گیس کی طلب بھی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ موسم سرما میں عمومی طور پر گیس کمپنیوں کو لائن پیک کے مسائل کا بھی سامنا رہتا ہے جس کے نتیجے میں گیس کی پیداوار اور ترسیل میں رکاوٹ رہتی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کو عالمی سپاٹ مارکیٹ میں ایل این جی کی خریداری میں بھی مشکلات کا سامنا ہے اور ایل این جی کی در آمد میں تاخیر بھی عوام کیلئے اس موسم سرما کو ایک کڑی آزمائش میں بدل سکتی ہے۔ جنوری کے لیے ایل این جی کی درآمد کیلئے نجی کمپنیوں کی جانب سے پیشکشیں موصول نہ ہونے نے وزارت پٹرولیم ڈویژن کو امتحان میں ڈال دیا ہے۔