بھارت غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں مسلم دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے: صدر علوی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارتی معاشرہ انتہا پسند آئیڈیالوجی کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے بانی اور بی جے پی ہندوتوا پالیسیوں پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔ صدر نے سائوتھ ایشین سٹرٹیجک سٹیبلٹی انسٹی ٹیوٹ (ساسی) کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں ایک عرصہ سے مسلمان دشمن پالیسیوں پر عمل ہو رہا ہے۔ مسلمانوں کو اور دوسری اقلیتوں کو آر ایس ایس کے لوگ زبردستی ہندو بنا رہے ہیں۔ وہ ہندوستان کی تاریخ کو ازسرنو لکھنا چاہتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ وہ مسلمانوں کو الگ تھلگ کر لیں۔ صدر نے کہا کہ ہندو مہاسبھائیوں نے آریا سماج بھی بنانے کی کوشش کی کیونکہ ان کے خیال میں ہندو کلچر کی بالادستی ضروری ہے۔ صدر نے کہا کہ بھارت ہندوئوں کے تحت جن پالیسیوں پر عمل کر رہا ہے وہ انڈین معاشرے کو توڑ پھوڑ کی طرف لے جا رہی ہیں اور خود ہندوستان کو اس کا نقصان پہنچ رہا ہے۔