• news

آستین کے سانپوں‘ استعماری قوتوں نے پاکستان کو دولخت کیا: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی  سراج الحق نے کہا ہے کہ آستین کے سانپوں کے ساتھ ساتھ استعماری قوتوں کی سازشوں نے 16 دسمبر 1971ء کو پاکستان کو دو لخت کردیا۔ اب بھی ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور اس کی نظریاتی شناخت کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اسلامی نظام حکومت ہی پاکستان کی سلامتی کا ضامن ہے۔ حکومت سازی کے لیے شفاف جمہوری نظام قائم کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے یوم سقوط ڈھاکہ کے موقع پر اپنے ایک بیان اور ضلع گلبرگ وسطی فیڈرل بی ایریا کراچی میں تنظیمی دورہ کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ  1958ء سے لے کر 1970ء کے مارشل لاز نے ملک کو شدید عدم استحکام کا شکار کیا جس کی وجہ سے عالمی استعمار، جس نے پاکستان کے وجود کو اس کے قیام سے لے کر اب تک تسلیم نہیں کیا تھا، کو موقع مل گیا کہ اپنے ناپاک منصوبوں کو حقیقت کاروپ دے۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور 70ء کے الیکشن کے نتائج کو تسلیم نہ کرنا بھی سانحہ مشرقی پاکستان کا باعث بنا۔ حکمرا ن طبقہ نے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی اور نظریہ پاکستان کے ساتھ غداری کی۔ امیر جماعت اسلامی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض اشرافیہ نے سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد بھی اپنی ڈگر نہیں بدلی اور ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا۔ سینیٹر سرا ج الحق نے یوم سقوط ڈھاکہ کے موقع پر خصوصی طور پر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی قربانیوں کا ذکر کیا اور ان ہزاروں کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے نظریہ پاکستان کی محبت میںاپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر غلام اعظم ، مطیع الرحمن نظامی اور دیگر شہدا کی قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثناء سراج الحق سے ادارہ نورحق میں کراچی کی مختلف سیاسی، سماجی و سول سوسائٹی کی نمائندہ رہنمائوں اور کثیر تعداد میں کارکنان جماعت نے وفود کی صورت میں ملاقات کی اور امیر جماعت کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ تعزیت و دعائے مغفرت کرنے والوں میں عارف حبیب گروپ کے سی ای او اور معروف بزنس مین عارف حبیب، پی پی پی سینیٹر انور لعل ڈین، ایس پی جمشید ٹاؤن فاروق بجرانی، نائب امیر جماعت غربا اہل حدیث مولانا حافظ محمد سلفی، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، نائب قیم محمد اصغر، امیر سندھ محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امراء محمد اسلم غوری، مفتی نعیم کے صاحب زادے جامعہ بنوریہ کے مہتمم اعلیٰ مفتی نعمان، جماعت غربا اہل حدیث کے سیکرٹری اطلاعات عمران احمد سلفی، پریس سیکرٹری حشمت اللہ صدیقی،  حافظ احمد علی، علماء کونسل و جمعیت اتحاد علماء کراچی کے صدر مفتی قاسم محمود، سید مظہر اقبال شاہ، کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر خلیل کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری عبدالصمد، نائب صدر کامران قریشی اور مصطفی، فرینڈز آف ادارہ ایف او ایچ کے حاجی پرویز، لالہ غفار جدون، جاوید ہزاروی، سید حسن فاروقی، اسلم عباسی، سہیل اعوان اور دیگر نے بھی تعزیت کی۔

ای پیپر-دی نیشن