گورنر سندھ سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات‘ مشاورت نہ کرنے پر اظہار تشویش
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) گورنر سندھ سے ایم کیو ایم پاکستان کے 3 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے جس میں کراچی پیکج، وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی اور مشاورت نہ کرنے پر ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل اور وسیم اختر شامل تھے۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم نے اپیکس کمیٹی کی مشاورت میں شامل نہ کرنے پر شکوہ کیا۔ پیکج کی سست روی اور بروقت عملدرآمد نہ ہونے پر متحدہ نے تحفظات کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منصوبے دیئے جا رہے ہیں۔ وفاق سب کو ساتھ لے کر چلنے کا خواہش مند ہے۔ متحدہ وفد نے کہا کہ کراچی پیکج پر جلد عملدرآمد سے مشکلات کا خاتمہ یقینی ہے۔ آن لائن کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے عیسائی برادری کے تین رکنی وفد نے سلیم مائیکل ایڈووکیٹ کی سربراہی میں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں عیسائی برادری کو درپیش مشکلات بالخصوص کرسمس ڈے کے موقع پر سکیورٹی فراہم کرنے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنرسندھ نے عیسائی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور حقوق حاصل ہیں۔ عیسائی برادری کے افراد صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھرپور خدمات ادا کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے عیسائی برادری کو کرسمس کی پیشگی مبارک باد بھی دی۔