• news

’’ہیر بھی چلی گئی‘‘ اداکارہ فردوس بیگم کا 72برس کی عمر میں انتقال

لاہور (سیف اللہ سپرا) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ فردوس بیگم انتقال کر گئیں۔  قبل ازیں انکو برین ہیمبرج ہوا تھا۔ ہسپتال میں  تین روز زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرگیئں۔ ان  کی عمر 72برس تھی۔ انہوں نے  اپنے سوگواروں میں دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔ 1947ء میں پیدا ہونے والی ماضی کی معروف اداکارہ فردوس بیگم کا اصلی نام پروین ہے۔ انہوں نے پونے دو سو کے قریب فلموں میں کام کیا جن میں 20 کے قریب فلمیں اردو 130 سے اوپر پنجابی فلمیں تھیں۔ فردوس نے تین پشتو فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فردوس بیگم کی مشہور فلموں میں ہیر رانجھا، دلاں دے سودے، ملنگی، اور آنسو شامل ہیں۔ ملنگی فلم کے ہیرو اکمل سے فردوس بیگم نے شادی کی تھی۔ جو زیادہ دیر تک نہ چل سکی ۔ اس کے بعد انہوں نے فلمساز شیخ نذیر حسین سے شادی کی۔ اداکارہ فردوس نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1963ء میں ہدایت کار نخشب کی فلم ’’فانوس‘‘ سے کیا۔ اس فلم میں ان کا کردار ثانوی نوعیت کا تھا جبکہ فلم کی ہیروئین کا کردار کومل نے ادا کیا اور ان کے مدمقابل ہیرو کا کردار سلمان پیرزادہ (عثمان پیرزادہ کے بھائی)  نے کیا۔ یہ فلم ناکام رہی۔ اس کے بعد  انہوں نے شباب پروڈکشنز کی فلم ’’ملنگی‘‘ میں کام کیا، یہ فلم بھی ناکام رہی۔ فردوس تو آج اس دنیا میں نہیں رہیں مگر ان کا کردار ’’ہیر‘‘ ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ان کے انتقال پر فلمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اداکارہ فردوس کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں  جبکہ  فلم انڈسٹری سے واحداداکار اچھی خان نے شرکت کی۔ جبکہ اداکارہ گوری، عندلیب، دردانہ رحمان، شیبا بٹ اور نشو نے ان کے گھر جاکر  اہل خانہ سے تعزیت کی۔ دریں اثناء  اداکارہ فردوس بیگم کے انتقال پر ثقافتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ثمن رائے  نے کہا ہے کہ اداکارہ فردوس بیگم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔  وہ نوجوان اداکاروں کے لئے ادارے کی حیثیت رکھتی تھیں۔ الحمرا انہیں ٹربیوٹ پیش کرے گا۔ اداکار احسن خان، اداکارہ و گلوکارہ شاہدہ منی، کینیڈا سے اداکارہ ممتاز نے بھی ان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن