کوئی حکومتی نمائندہ گیا نہ اسرائیل سے تعلقات ہیں: طاہر اشرفی
لاہور(خصوصی نامہ نگار+نیوز رپورٹر) اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ کے دفتر میں سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مذاہب و مکاتب فکر کی شخصیات کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ جبری مذہب کی تبدیلی ہو یا جبری شادی یا مذہب و فرقہ کے نام پر خوف و ہراس پھیلایاکسی کو آئین و قانون سے بالا تر نہیں سمجھتے۔ انٹرفیتھ ہارمنی کونسلز کے قیام سے مسائل حل ہوں گے۔ اسرائیل نہ کوئی حکومتی نمائندہ گیا ہے اور نہ ہی اسرائیل سے تعلقات ہیں، افواہیں پھیلانے والے پاکستان کا اسلامی دنیا میں تشخص خراب کرنا چاہتے ہیں اور ملک میں فتنہ چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت آئین کی اسلامی دفعات عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت کی محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والی تمام اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے نمائندہ خصوصی برائے وزیراعظم کے دفتر میں رابطہ کار مقرر کر دیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ کے دوران جو شکایات موصول ہوئی ہیں ان کو حل کیا گیا ہے۔ دریں اثناء جامعہ مسجد مرحبا میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مدرسہ و سکول کے بچے علمائ، عوام ، فوج اور قومی سلامتی کے ادارے سب ایک ہیں۔ شہداء کی قربانیوں سے دہشت گردی کا دور ختم ہو گیا، اب ہم نے متحد ہو کر انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور سے آن لائن کے مطابق وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے مذہبی حافظ طاہر محمود اشرفی نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی جس میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے حکومتی اقدامات اور علماء کے کردار سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت سمیت امن دشمن قوتیں پاکستان میں استحکام نہیں دیکھنا چاہتیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد اور امن کا قاتل ہے۔ انہوں نے کہا افواج پاکستان نے پہلے بھی بھارت کے عزائم کو ناکام بنایا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی بھارت کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ گورنر نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے خاندانوں کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے، شہداء کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔ طاہر اشرفی نے کہا بھارت سمیت جو کوئی بھی امن کے خلاف سازش کرے گا اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔