پی ڈی ایم کا ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ، شیڈول تیار
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے حکومت کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کرلیا جن کا شیڈول بھی تیارکرلیا گیا ہے۔ 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی پی ڈی ایم کی جانب سے لاڑکانہ میں منائی جائے گی اور جلسہ کیا جائے گا۔ شیڈول کے حوالے سے پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین سے ان کی حتمی رائے لی گئی،شیڈول کے مطابق 24 دسمبر کو بہاولپور میں ریلی نکالی جائے گی جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں جلسہ ہو گا جس میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ مریم نواز، فضل الرحمان بھی شرکت کریں گے۔ پی ڈی ایم کے مجوزہ ریلیوں کے شیڈول میں 29 دسمبر کو مردان، 2 جنوری 2021 کو سرگودھا، 4کو مالاکنڈ، 9جنوری کو سیالکوٹ، 12جنوری کو بنوں، 16 جنوری کو تھرپارکر، 19جنوری کو فیصل آباد، 23جنوری کو خضدار اور 26جنوری کو ژوب میں ریلی نکالی جائے گی۔دریں اثناء مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں پی ڈی ایم ریلیوں میں شرکت کے حوالے سے کہا ہے کہ ان ریلیوں میں شرکت کیلئے بہاولپور، سرگودھا، فیصل آباد، سیالکوٹ جا رہی ہوں۔