سی پیک تیزی سے آگے بڑھ رہا ، وباء کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ملک متحد : چین
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ سی پیک کے بارے میں پاکستانی صدر کے حالیہ بیان اور مثبت تجزیئے سے پوری طرح اتفاق کرتے ہوئے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی پریس کانفرنس میں پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ’’چین پاکستان اقتصادی راہداری‘‘ (سی پیک) کی تعمیر کے بارے میں مثبت تبصرے پر سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ ہم پاکستانی صدر عارف علوی کے ’’چین پاکستان اقتصادی راہداری‘‘ کے مثبت جائزے سے پوری طرح اتفاق کرتے ہیں۔ سی پیک ’’دی بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ کا ایک اہم پائیلٹ پروجیکٹ ہے۔ 2013ء میں اپنے آغاز کے بعد سے اس نے مثبت ترقی کی رفتار برقرار رکھی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کرونا وبا کے بعد سے چین اور پاکستان اس وبا کے چیلنجوں پر قابو پانے اور راہداری کی تعمیر کو فروغ دینے کیلئے متحد ہو کر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ جبکہ متعلقہ منصوبوں کی تعمیر رکنے کے بجائے بخوبی آگے بڑھ رہی ہے اور اس سلسلے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس سے پاکستان کو وبا سے لڑنے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں بھرپور تعاون اور مدد میسر ہوئے ہیں۔