بھارتی ہتھکنڈوں سے امن کو خطرات ، عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان: شبلی فراز
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمارا ہمسایہ ملک ہندوستان ‘ پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہے ‘ پاکستان نے شواہد دنیا کو سامنے رکھے ہیں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار آج فاشٹ ملک کے طور پر دنیا کے سامنے آشکار ہوچکا ہے۔پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ملک ہے ‘پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے بھارت جھوٹ ‘ بہتان اور الزامات کا سہارا لیتا ہے ‘ ڈس انفولیب کی حالیہ رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ بھارت جھوٹ اور جعل سازی میں اس حد تک جاسکتا ہے‘ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعوی کرنے والا ہندستان ان اوچھے ہتھکنڈوں کی وجہ سے بے نقاب ہو کر فاشٹ ملک کے طور پر ابھرا ہے ‘ بھارتی ہتھکنڈوں اور ہندتوا نظریئے سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں ‘ عالمی برادری کی خاموشی اور دوہرا معیار سوالیہ نشان ہے۔ وہ بدھ کو انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹیڈیز(آئی ایس ایس ) میں "ہندتوا ذہنیت اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو سمجھنے" کے عنوان سے منعقدہ سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہندتوا ذہنیت اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ایک اہم موضوع ہے اس پر سمینار کے انعقاد پر منتظمین کے شکرگذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور خطے کی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے اور خطے کے امن و استحکام میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کے امن کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے مختلف ہتھکنڈوں پر مصروف عمل رہا ‘ ڈس انفولیب کی حالیہ رپورٹ نے بھارت کو مزید بے نقاب کر دیا ہے کہ وہ کس طرح جعل سازی اور جھوٹ کا سہارا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی صورتحال سے متعلق پاکستان حقائق کی روشنی میں اپنا نکتہ نظر پیش کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارا ہمسایہ ملک بھارت ہمیشہ سے حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کرتا آرہا ہے ‘ ہندوستان ہمشیہ سے پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے جھوٹ‘ بہتان اور الزام تراشی کا سہارا لیتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم اور بھارت کے اندر مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک درحقیقت ہندتوا نظریہ ہے اور بھارت میں اس انتہا پسندانہ حکومت کے عزائم سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک خطرناک کھیل کھیل رہا ہے اس بے نقاب کرنے کے لئے پاکستان اپنا سفر جاری رکھے گا کیونکہ مودی اور ہندتوا فلسفہ پوری دنیا پر آشکار ہوچکا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے، ای یو ڈس انفولیب کی حالیہ رپورٹ نے حقائق سے پردہ اٹھایا ہے، بھارت میں انتہا پسند حکومت کے عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔