• news

پاک فوج عظیم قوم کی تائید کیساتھ ہر قسم کے خطرے کو ناکام بنانے کیلئے تیار: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)  چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  اور فضائیہ کے سربراہ  ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے گزشتہ روز گوجرانوالہ کے قریب فیلڈ  ایکسرسائز علاقے کا دورہ کیا اور ائر ڈیفنس کی مشقیں ملاحظہ کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  جنرل قمر جاوید  باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج  عظیم  قوم کی تائید و حمایت کے ساتھ ہر قسم کے خطرات کو مکمل ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان  نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر منگلا اور گوجرانوالہ کے کور کمانڈرز  بھی موجود تھے۔  آرمی چیف اور ائر چیف نے جاری فیلڈ مشق کا مشاہدہ کیا۔ جہاں لانگ رینج ایئر ڈیفنس ہتھیاروں کے نظام اور فضائی حدود  کی مینجمنٹ کو  زیادہ سے زیادہ  بروئے کار  لانے کے  متعلق تصورات پر عمل کیا گیا۔ یہ مشق  جامع، کئی حصاروں پر مشتمل  اور مربوط ائر ڈیفنس  کا مظہر تھی۔ جس میں تمام  اقسام  کے ایئر ڈیفنس ہتھیاروں کو شامل کیا گیا تھا۔ اس مشق کا مقصد خاص طور پر ایئر ڈیفنس عناصر، ہتھیاروں کی اقسام، لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹر اور ڈرون سمیت تمام فضائی پلیٹ فارمز کے  ساتھ زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی حاصل کرنا تھا۔ تاکہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا موثر جواب دینے  کی مکمل استعداد حاصل کی جا سکے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  آرمی ایئر ڈیفنس کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔  انہوں نے پیچیدہ  جنگی حالات  سے نمٹنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعاون ، انضمام اور ہم آہنگی کی ضرورت  پر زور دیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن