• news

عوام نے اعلان لاہور والوں سے لاتعلقی ظاہر کردی: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اعلان لاہور کرنے والوں سے عوام اعلان لا تعلقی کر چکے ہیں۔کاش اعلان لاہور کرنے والے پہلے کرپٹ قیادت سے علیحدگی کا اعلان کرتے کیونکہ نئے پاکستان میں کرپٹ سیاستدانوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کو مینار پاکستان کے سائے تلے عوام کی جانب سے مسترد کرنے کا اعلان ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ کرپٹ عناصر اعلان لاہور کے نام سے عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کرونا پھیلا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے مسترد شدہ عناصر کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ پی ڈی ایم کی قیادت کے اترے چہروں سے مایوسی عیاں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کرپشن بچاؤمہم کے علاوہ کسی اور ایجنڈے پر متفق نہیں۔یہ عناصر’’عوام کو بہکاؤ اور خود کو بچاؤ‘‘کا ایجنڈالیکر چل رہے ہیں۔پی ڈی ایم خود انتشار کا شکار ہوچکی ہے۔پی ڈی ایم کے جلسوں میں لسانیت کے بیج بوئے گئے۔ زندہ دلان لاہور کی دل آزاری کی گئی جبکہ کوئٹہ جلسے میں اردو زبان کو ہدف تنقید بنایا گیا۔ پی ڈی ایم کی کاٹھ کی ہنڈیا عنقریب بیچ چوراہے پھوٹ جائے گی۔  علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے طیارے نے کراچی سے لاہور واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث رحیم یار خان ایئرپورٹ پرلینڈنگ کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پر فوری اجلاس طلب کیا جس میں رحیم یار خان کے ترقیاتی منصوبوں اورامن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے عوام کو انکا حق دیا جا رہا ہے۔ سابقہ ادوار میں اس خطے کونظرانداز کر کے وسائل من پسندعلاقوں پر صرف کئے گئے۔ شیخ زید ہسپتال فیز ٹو کے لئے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں۔کرونا ٹیسٹنگ کیلئے بی ایس ایل لیب اور سی ٹی سکین مشین رواں ماہ فنکشنل کر دی جائے گی۔ جلد ضلع کا تفصیلی دورہ کروں گا۔انہوں نے کہاکہ چیمبر آف کامرس اوربزنس کمیونٹی سے مل کر ضلع کی تعمیر و ترقی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس اصلاحات پر کام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ماضی کی معروف اداکارہ فردوس بیگم کے ا نتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کا 39 واں اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن