توشہ خانہ ریفرنس، زرداری کے وکیل کی طویل التواء کی درخواست مسترد
اسلام آ باد (خصوصی نمائندہ) احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی طویل التواء کی درخواست مسترد کر تے ہوئے (آج) جمعرات کو نیب کو مزید گواہ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیب گواہ پیش کرے، ان کے بیانات ریکارڈ کرتے ہیں۔ احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت جج اصغر علی کی عدالت میں ہوئی۔ جج اصغر علی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی طویل التوا کی درخواست پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو دیکھنا چاہیے کہ وہ ایسا وکیل کرے جو اتنا زیادہ مصروف نہ ہو، سپریم کورٹ ہمیں بھی روز سماعت کا کہتی ہے، گزشتہ چار سماعتوں سے گواہ پر جرح نہیں ہو رہی۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا میں آصف زرداری کو کہتا ہوں کہ وہ اپنا وکیل بدل لیں، اور کیا کر سکتا ہوں۔جج احتساب عدالت نے کہا کہ جو بھی ہو، ترجیحات کا تعین آپ تو نہیں کر سکتے کہ کہاں کیس چلانا ہے اور کہاں نہیں۔عدالت نے فاروق نائیک کی طویل التوا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کل نیب کو مزید گواہان پیش کرنے کی ہدایت کی۔