صاحبزادہ قاضی فضل رسول کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا، 7 روزہ سوگ کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے بانی سجادہ نشین دربار عالیہ محدث اعظم، صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول کی نماز جنازہ دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں ادا کردی گئی۔ سنی اتحاد کونسل کے ترجمان نے ملک بھر میں سات روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ نماز جنازہ پیر سید ریاض الحسن شاہ آف چکوال نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں ملک و بیرون ملک سے علماء ومشائخ، شیوخ الحدیث، مفتیان کرام اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازہ دربار شریف سے اٹھایا گیا تو دھوبی گھاٹ تک جگہ جگہ مریدین نے پھولوں کی پتیوں سے ان کا استقبال کیا۔ نماز جنازہ کے بعد ان کو حضرت محدث اعظم کی وصیت کے مطابق ان کے پہلو میں تدفین کردی گئی۔ نماز جنازہ کے لیے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے تھے۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان کی طرف سے نماز جنازہ میں شریک ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ غم میں شریک ہونے والے ہرفرد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ جانشین محدث اعظم جمعیت علماء پاکستان، تنظیم المدارس اہلسنت ، تحریک ختم نبوت، سنی اتحاد کونسل اور تحریک اہلسنت پاکستان کے بانی تھے۔ انہوں نے شب روز جذبہ عشق رسول کو لوگوں کے دلوں میں منتقل کرنے میں بسر کی۔ نماز جنازہ میں شریک افراد یہ جانتے ہیں کہ وہ تحریک ختم نبوت کے عظیم قائد کی نماز جنازہ میں شرکت کررہے ہیں۔ خانوادہ محدث اعظم تمام جید علماء و مریدین، محبین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ صاحبزادہ قاض محمد فیض رسول کی طرف سے بھی صاحبزادہ حامد رضا نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ تدفین کے موقع پر صاحبزادہ فیض رسول، صاحبزادہ حامد رضا، صاحبزادہ فیض رضا، صاحبزادہ فیض جیلانی، صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ حسین رضا، صاحبزادہ محسن رضا، صاحبزادہ عثمان صدیقی (امریکہ)، شیخ محمد زبیر دربار شریف کے احاطہ میں موجود تھے۔نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے افراد میں کوکب نورانی اوکاڑوی، پیر محفوظ الحق شاہ مشہدی، صاحبزادہ دیوان مسعود چشتی، صاحبزادہ عبد الرحیم رضوی، ڈاکٹر محمد یونس رضوی، ڈاکٹر شیرازالقادری، صاحبزادہ حمید الدین رضوی، صاحبزادہ ابو دائود محمد رضوی اور دیگر شحصیات نے شرکت کی۔ دریں اثنا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، ڈاکٹر طاہر القادری، صوبائی وزیر اوقاف پیر سعید الحسن شاہ، مفتی منیب الرحمن، پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، پیر سید حامد سعید کاظمی، پیر نقیب الرحمان، شاہ اویس نورانی، سید ریاض حسین شاہ، پیر مظہر سعید کاظمی نے صاحبزادہ حامد رضا اور صاحبزادہ فیض رسول سے ٹیلی فون کرکے اظہار تعزیت کیا اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور پیر فضل رسول کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔ پیر قاضی فضل رسول کی رسم قل 17دسمبر کو صبح 11بجے ہوگی۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل نے سکیورٹی کے موثر انتظامات پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔