بھارت انتہا پسندی اور دہشتگردی کے گڑھے میں گر چکا: ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت انتہا پسندی اور دہشتگردی کے گڑھے میں گر چکا ہے۔ بھارت ہندوتوا میں شدت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مہلک اور خطرناک اسلحہ کے حصول کی کوشش کر رہا ہے جس سے خطے کا امن دائو پر لگ گیا ہے۔ وہ ہر فورم پر پاکستان کی مخالف کر رہا ہے۔ صدر گذشتہ روز انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے سانحہ پر پوری قوم سوگوار ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کی قومیں اور ملک ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہیں لیکن نئی نسل وہی غلطیاں دہرا رہی ہے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں انسانیت امن و چین کی طرف جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عراق میں ہتھیاروں سے متعلق غلط خبروں کو بنیاد بنا کر لاکھوں افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ تعصب قوموں کو لے ڈوبتا ہے۔ وہ ملک ترقی کرتے ہیں جہاں تمام طبقات ہائے زندگی کو سماجی اور معاشی ترقی کے عمل میں شریک کیا جاتا ہے۔ ہندوستان کے مسلمان رہنمائوں کو تحریک آزادی میں یہ احساس ہوا کہ ہندو مسلمانوں کو ان کے حقوق نہیں دیں گے۔