• news

ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے عالمی معیشت کی تعمیر نو، ای کامرس کو فروغ ملا، ماہرین

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی نے چار روزہ سالانہ کانفرنس کا آغاز کر دیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ ولادیمیر نارو نے کہا کہ کوویڈ 19نے دنیا بھر میں جہاں صحت عامہ اور عالمی معیشت بری طرح متاثر کیا ہے وہاں یہ بحران زندگی کے مختلف شعبہ جات کو ڈیجیٹل عمل میں لے کر جانے کا بھی باعث بنا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک افغانستان میں سیاسی استحکام کو خطے کی معاشی ترقی اور علاقائی امن کیلئے ضروری قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ افغانستان نے تنظیم کے چار رکن ممالک کے ساتھ اپنی سرحدیں شیئر کیں جو خطے میں امن اور ترقی کا سبب ہو گا۔ کانفرنس میں شامل عالمی سماجی تحفظ کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سماجی تحفظ پالیسی سازی کا اہم جْز ہونا چاہئے۔ قومی و صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے پالیسی سازی و دیگر امور میں آسانی پیدا کی جا سکتی ہے۔ اہم اصلاحات کے ذریعے جامع پالیسیاں بنا کر اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری سے کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں ایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنر کے سربراہ شفقت کاکا خیل نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے مختلف خطوں میں اقوام خوراک کے عدم تحفظ کا شکار ہوئیں اور غربت میں اضافہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن