• news

پی ڈی ایم کرپشن کے مگرمچھوں کا ٹولہ‘ نگلتا سب کچھ‘ اگلتا کچھ نہیں: فردوس عاشق 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کرپشن کے مگر مچھوں کا ٹولہ ہے۔ یہ مگرمچھ نگل سب سکتے ہیں لیکن اگل کچھ نہیں سکتے۔ پاکستان کو بے دردی سے لوٹنے والا یہ ٹولہ وقت آنے پر استعفے بھی نگل لے گا۔ پی ڈی ایم بند گلی میں پھنس چکی ہے اور فیس سیونگ کے لئے منت ترلے کررہے ہیں۔ عوام کو بلاجواز کرونا کی طرف دھکیلنے والوں کی مینار پاکستان پر جو درگت بنی وہ عبرتناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 24 گھنٹے میں کرونا کے 30 مریض جاں بحق ہوئے اور 535 مریض سامنے آئے۔فردوس عاشق اعوان نے جناح ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک بھر میں یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت 52 لاکھ لوگوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ گوہر اعجاز ٹرسٹ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا رول ماڈل دیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔  پرائیویٹ پارٹنرشپ کو حکومت پنجاب مزید بڑھائے گی۔  انہوں نے کہا کہ حکومت عنقریب نرسنگ کنونشن منعقد کرنے کی جا رہی ہے جس میں ایک قابل عمل لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پی ڈی ایم کرپشن کے مگر مچھوں کا ٹولہ ہے اور یہ سب کچھ نگل سکتے ہیں مگر اگل نہیں سکتے۔ شہباز شریف اور بلاول کی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلاول شہباز ملاقات سے راجکماری کا بیانیہ دفن ہو گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے  شہباز شریف کو سائیڈ لائن کرکے نائب صدر مریم نواز کی فرمائش پر سیاسی تھیٹر لگایا۔ جس کے ردعمل میں شہباز شریف نے بلاول کو لفٹ نہیں کرائی اور پی ڈی ایم بیانیہ سے لاتعلقی کا اظہارکیا۔   انہوں نے کہا کہ جو راجکماری اپنے خاندان کا اتحاد برقرار نہ رکھ سکی وہ 11رنگوں کے متنجن پر مشتمل پی ڈی ایم کو متحد نہیں رکھ سکتی۔ بلاول کرپشن سے اپنے چہرے کو داغدار نہ کرے۔ شہباز شریف نے کل کی ملاقات میں بلاول کو آئینہ دکھایا اور بتایا  کہ وہ پارٹی صدر ہیں اور فیصلے بھی وہی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن