ہر سطح پر کشمیریوں کی آواز بنیں گے‘ چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر
بریڈ فورڈ (چودھری عارف پندھیر) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، 70برس سے مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے اور ایل او سی پر شدید فائرنگ پر لیبر فرینڈز آف کشمیر کا شدید رد عمل، معصوم اور نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریوگوون نے مسئلہ کشمیر کے حل اور نہتے کشمیریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔ برطانیہ میں منعقدہ ایک پروگرام اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گوون نے کہا کہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور ایل او سی پر اشتعال انگیزی اور نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ 7دہائیوں سے کشمیری زیر تسلط ہیں اور مظالم کا شکار ہیں۔ کشمیریوں کو بنیادی حقوق نہیں دیئے جا رہے۔ بین الاقوامی برادری بھارت اور پاکستان اور کشمیری قیادت کو ایک میز پر لائے تا کہ کشمیر کا پر امن حل نکالا جائے۔ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر عیاں کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم ہر سطح پر کشمیریوں کی آواز بنیں گے۔ نئے سال میں ایشو کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جانا چاہئے۔ دریں اثناء جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین کا کشمیری قوم کی جانب سے شکریہ ادا کیا گیا۔ چیئرمین راجہ نجابت حسین، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، نارتھ آف انگلینڈ کی چیئرپرسن نائلہ شریف نے کہا ایم پی اینڈریو گوون کو برٹش پارلیمنٹ اور لیبر پارٹی کے اندر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بات اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرنے پر ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔