کے وی ایس ایس ہسپتال کراچی کیلئے 67 کروڑ کی جعلی ادویات‘ 14 ملزموں کیخلاف نیب ریفرنس دائر
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نیب نے کے وی ایس ایس ہسپتال لانڈھی کراچی کیلئے 67 کروڑ روپے کی جعلی ادویات کے معاملے پر سابق آڈیٹرز قاضی عبدالوہاب سمیت 14 ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ ریفرنس میں سابق کمشنر سبی محمد فاروق لغاری‘ سابق ایم ایس لانڈھی ہسپتال ڈاکٹر ظہیر عباس‘ سابق ایم ایس قادر منگی‘ ایم ایس سعادت احمد میمن‘ سابق ایم ایس جاوید احمد راجپوت اور دیگر بھی شامل تھے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ قاضی عبدالوہاب نے سٹاک چیک کئے بغیر ادویات کی ضرورت ظاہر کی۔ ادویات کی خریداری میں جعل سازی کی گئی۔ ادویات کی خریداری میں سیپرا رولز کی خلاف ورزی کی گئی۔ سابق کمشنر سیسی فاروق لغاری نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ ملزمان نے ملی بھگت سے قومی خزانے کو 67 کروڑ 99 لاکھ 13 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا۔