بھارت جنگی جنون کو ہوا دے رہا‘ کشمیری دہشتگردی کا مقابلہ کر رہے ہیں: صدر‘ وزیراعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے لائن آف کنٹرول کے باگ سر سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی بلا اشتعال اور بلا جواز فائرنگ اور اس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور آفیسران کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت 2003کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا کر جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے جس کا مقصد خود بھارت کے اندرکی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی اندرونی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے قابض بھارتی فوج کو اشتعال انگیزیوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد برانچ کی یوتھ ونگ کے صدر حافظ سردار سعود کی قیادت میں نوجوانوں کے ایک سات رکنی وفد سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دنیا میں اپنے ہم عصر نوجوانوں تک رسائی حاصل کر کے کشمیر کاز کو موثر انداز میں اجاگر کرنے اور کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد آزادی کے لئے حمایت حاصل کریں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے بدترین فوجی محاصرے کو آج 500دن ہو گئے ۔ کشمیر عوام اس وقت دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی کا مقابلہ کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے کشمیریوں کو ظلم و جبر سے نجات دلانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیری عوام ہندوستان کے ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے ۔