• news

خواتین سے زیادتی کرنیوالے 2 ڈاکوؤں، ایک اور مجرم کو عمر قید، جرمانوں کی سزا

فیروزوالہ (نامہ نگار) ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا نے ڈکیتی کی واردات کے دوران شادی شدہ خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا۔ فاضل عدالت نے اس مقدمہ میں ملوث 2 ڈاکوؤں فضل احمد اور بشارت کو خاتون عائشہ بی بی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کی پاداش میں عمر قید بامشقت اور ایک ایک لاکھ روپے ہرجانہ کی سزاء کا حکم سنایا ہے۔ دونوں مجرمان کو ڈکیتی کے جرم میں پانچ پانچ برس قید بامشقت اور 50 / 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزاء کا حکم سنایا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق 16فروری 2019ء کی رات کو گاؤں چک نمبر چار رسالہ کا کاشتکار الیاس اور اس کی اہلیہ عائشہ بی بی موٹر سائیکل پر شہر سے اپنے گاؤں جا رہے تھے جس کے راستہ میں دونوں ڈاکوؤں نے ان کو گن پوائنٹ پر روک کر ان سے زیورات 2 موبائل فونز اور 10ہزار روپے چھین لئے اور پھر الیاس سے اس کی بیوی کو چھین کر گھنے کھیتوں میں لے جا کر اس کے خاوند کے سامنے باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا۔ دریں اثناء عدالت لاہور روڈ کی آبادی نظام پور ڈھاکہ میں دوشیزہ کو ورغلا کر اغواء کر کے ویران گھر میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ فاضل عدالت نے اس مقدمہ میں ملوث مجرم غلام فرید کوسونیا کے اغواء کے جرم میں عمر قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ اور ریپ کرنے کے جرم میں 25 برس قید بامشقت اور 2 لاکھ روپے معاوضہ کی سزاء کا حکم سنایا ہے۔ معاوضہ کی رقم ادا ہونے کی صورت میں متاثرہ خاتون کو دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن