سینٹ الیکشن‘ سپریم کورٹ نے شو آف ہینڈ کی اجازت دی تو بڑا انقلاب ہو گا: شیخ رشید
اسلام آباد ( نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے سینٹ کے شو آف ہینڈ انتخابات کی اجازت دے دی تو یہ بہت بڑا انقلاب ہو گا۔ اسلام آباد پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے ہونے سے شفافیت ہوگی، اس کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے اجازت دے دی تو یہ بہت بڑا انقلاب ہو گا۔ سینٹ انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگئے تو دھاندلی ختم ہو جائے گی اور اس کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کو بہت زیادہ مسائل کا سامنا ہے، ملک میں پولیس پر بہت کم خرچ کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔ پولیس میں نئی ٹیکنالوجی لارہے ہیں جس کے بعد صرف ریڈ زون میں ناکے ہوں گے۔ اسلام آباد میں بڑے ہوٹلز اور مارگلہ کے علاوہ تمام چیک پوسٹیں ختم کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں بہت سارے ملکوں کے لوگ رہتے ہیں، ہمارے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔ پولیس لائن ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے، شہداء کیلئے دعا کی۔ وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر یہ وفاقی وزیر کا پولیس لائن ہیڈکوارٹر کا پہلا دورہ ہے۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ادارے سے متعلق بریفنگ دی۔ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد کے غیر ضروری پولیس ناکے کو ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اسلام آباد کی حفاظت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں 20فیصد جرائم میں کمی ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بڑے ہوٹلز اور مارگلہ کے علاوہ تمام چیک پوسٹ ختم کریں گے اور اسلام آباد کے تھانوں میں شہریوں کو عزت ملے گی۔ اسلام آباد میں فرانزک لیب کے قیام سمیت متعدد منصوبے زیر غور ہیں اور بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کے اعداد و شمار اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔