اب تک نیب قانون کو تبدیل نہ کرنا حکومت، پارلیمنٹ کی غلطی ہے
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ اسلام آباد چیمبر والوں نے بتایا کہ نیب ان کو ٹارچر کر رہا ہے۔ پارلیمنٹ اور حکومتی غلطی ہے کہ اب تک نیب قانون کو نہیں بدلا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بزنس مین کا پارلیمنٹ میں ہونا بہت ضروری ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں بزنس مین صرف منافع کماتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر والوں نے کال کی کہ نیب ان کو ٹارچر کر رہا ہے۔ وزیراعظم‘ چیف جسٹس اور آرمی چیف کو لیٹر لکھا۔ کل چیئرمین نیب بزنس کمیونٹی سے ملنے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انڈر انوائسز کیسز ایف بی آر کو بھیجے‘ سب کام نیب نے کرنا ہے تو کیا باقی ادارے بند کر دیں۔ انہوں نے کہا جتنے لوگ نیب سے متاثر ہیں‘ وہ سرحد چیمبر آئیں۔ سرحد چیمبر والے سینٹ میں ان معاملات کو لائیں۔ بزنس کمیونٹی اور پرائیویٹ شہریوں کو نیب کی زد میں نہیں آنا چاہئے۔