اپوزیشن کے استعفوں سے سینٹ الیکشن نہیں رکے گا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سینٹ کے انتخابات فروری 2021ء میں کرانے کے لئے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ آئندہ چند روز میں حکومت کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 186کے تحت ریفرنس دائر کر دیا جائے گا جس میں سپریم کورٹ سے سینٹ کے انتخابات بارے میں رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ حکومت نے سینٹ انتخابات میں آئینی موشگافیوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔ ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم، مشیر ڈاکٹر بابر اعوان اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو ریفرنس تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ وزیراعظم کی لیگل ٹیم نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفے دینے سے سینٹ کا انتخاب نہیں رک سکتا۔ سندھ اسمبلی ٹوٹنے سے وہاں سینٹ کا انتخاب مؤخر ہو سکتا ہے۔