• news

اپوزیشن کے استعفوں والا کارڈ کھیلنے کیساتھ ہی ہم بھ ی سرپرائز دینگے: فردوس عاشق

لاہور (نیوز رپورٹر) راجکماری وزیراعظم عمران خان کے بغض اور عناد میں عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ راجکماری نے شاہی محل میں جھوٹ کے انبار لگا دیئے۔ راجکماری کو ایسی جمہوریت پسند نہیں جس میں وہ حکومت میں نہ ہوں۔ یہ وہی راجکماری ہے جو کہتی تھی کہ میری پاکستان سے باہر تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔ عمران خان نے 22سالہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو گلے سڑے نظام اور شاہی خاندان کی نسل درنسل غلامی سے نجات دلائی۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلی ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں فرق یہ ہے کہ ان کا لیڈر عدالت کا سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو ہے جبکہ ہمارے وزیراعظم کو عدالت نے ہی صادق اور امین قرار دیا ہے۔ نسل درنسل کرپشن کی ٹرافیاں، گھوسٹ کمپنیاں اور ٹی ٹیز راجکماری کے خاندان کا طرہ امتیاز ہیں جبکہ عمران خان نے ان کی طرح نہ اقرباء پروری کی اور نہ اپنے خاندان کو پالابلکہ دوخاندانی نظام کے حکومتی نظام کو عوام کی طاقت سے تہس نہس کردیا۔ مریم نواز کو اڑھائی سال بعد یاد آیا ہے کہ یہ دھاندلی زدہ حکومت ہے۔ وہ اس امر کا جواب دیں کہ انہوں نے اپنی کنیزوں سمیت آج سے چند ماہ پہلے تک خاموشی کا روزہ کیوں رکھا ہوا تھا۔ سینٹ میں واضح اکثریت پی ٹی آئی کا حق ہے۔ اپوزیشن شو آف ہینڈ کے ذکر سے ہی بلبلا اٹھی ہے کیونکہ نواز شریف چھانگا مانگا کی سیاست اور چمک کے داؤ پیج سے ہارس ٹریڈنگ کرنے اور اداروں کو یرغمال بنانے میں یدطولی رکھتے ہیں۔۔ جاوید لطیف کا بیان ظاہر کررہا ہے کہ ان سے اپنا گھر نہیں سنبھل رہا اور پارٹی میں ہر طرف اضطراب پایا جارہا ہے۔ اپوزیشن کے استعفوں والا کارڈ کھیلنے کے ساتھ ہی ہم بھی ان کو ایک سرپرائز دیں گے۔ جس سے پتہ چلے گا کہ ان کے کتنے ساتھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔ پی پی پی (ن) لیگ کے بیانئے سے متفق نظر نہیں آرہی۔ ابھی اپوزیشن استعفوں کے معاملے پر تاریخ پر تاریخ دے کر پینترے بدل رہی ہے۔ پیپلز پارٹی سب کچھ قربان کرسکتی ہے لیکن اپنا مال پانی نہیں چھوڑے گی اور اس کے مال پانی کی کان سندھ حکومت میں چھپی ہوئی ہے۔ دریں اثناء کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اراضی کے حصول کے لئے پانچ ارب روپے کا قرض دینے اور ماسٹر پلان میں آنے والی سرکاری اراضی دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا شہباز شریف اور حمزہ استعفوں کے معاملے پر خاموش ہیں۔مسلم لیگ ن میں دراڑیں پہلے تھیں لاہور جلسے نے مذید واضح کر دیں،ایک مورجہ شہباز شریف،حمزہ اور دوسرا مریم نواز کا ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو اور ٹویٹ میں کہا حقائق سامنے آرہے ہیں کس طرح ن لیگ میں توڑ پھوڑ چل رہی ہے، ملکی وسائل لوٹنے والا گروہ کسی صورت نہیں بچ  پائے گا،سزا یافتہ افراتفری پھیلانے والے جلد انجام کو پہنچ جائیں گے،جیل انکا مقدر، سیاسی شلست انکا نصیب ہے۔یہ استعفے لینے آئے تھے،استعفے دینے تک کے سفر پر انکو مبارکباد ہو،بلاول بڑھکیں مار کر پی ڈی ایم بیانئے کو گرم رکھے ہوئے ہیں،8،13،31 دسمبر اور پھر31  جنوری یہ تاریخیں دیتے تھک جائیں گے حکومت اپنی مدت پوری کریگی

ای پیپر-دی نیشن