چینی قونصل جنرل کی قیادت میں وفد کا نوائے وقت کے دفاتر کا دورہ، ایم ڈی رمیزہ نظامی سے ملاقات
لاہور (خاور عباس سندھو) چینی قونصلیٹ لاہور کے وفد نے قونصل جنرل مسٹر لانگ ڈنگ بن کی قیادت میں نوائے وقت گروپ کے دفاتر کا دورہ کیا اور نوائے وقت گروپ کی مینجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات اور دوستی کے فروغ کے لئے مختلف امور اور تجاویز پر طویل نشست کی۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوائے وقت گروپ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود اور سینئر صحافی خاور عباس سندھو اور چینی قونصل وانگ چیان بھی موجود تھے۔ مینجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک کے متعلق دونوں ممالک کے بہترین ورکنگ ریلیشن اور نوائے وقت و نیشن کے کردار پر تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے تجویز دی کہ چین میں طریقہ علاج روایتی اور بہت موثر ہے اور یہ طب نبویؐ کے قریب ہے۔ پاکستان سمیت مسلم ممالک میں سنت رسولؐ کے مطابق خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے علاج کے طریقوں پر بڑی عقیدت سے عمل کیا جاتا ہے جس کے بے انتہا طبی فوائد ہیں۔ چین کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے غور کریں اور اپنے روایتی طریقہ علاج کو پاکستان میں بھی فروغ دیں۔ پاکستان میں اس کی بہت گنجائش ہے۔ ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی نے چینی وفد کو ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کی طرز پر چین کی تاریخ پر مبنی ڈرامے پیش کرنے کی تجویز دی تاکہ پاکستان میں چین کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے۔ قونصل جنرل مسٹر لانگ ڈنگ بن نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی‘ بیلٹ اینڈ روڈ اور سی پیک پر خصوصی اشاعت اور فروغ پر نوائے وقت گروپ کے بے مثال کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے درمیان تعلقات کے فروغ میںادارہ نوائے وقت کا کردار مثالی ہے۔ ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے۔ انہوں نے ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کی تجاویز پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار تجاویز ہیں اور وہ اس پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔ مسٹر لانگ ڈنگ بن نے کہا کہ وہ اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے واپس جارہے ہیں اور انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران چینی قونصلیٹ اور نوائے وقت گروپ کے درمیان بہترین رابطوں کو سراہا اور اس حوالے سے بہترین کردار ادا کرنے پر سینئر صحافی خاور عباس سندھو کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ ان کی تعیناتی کے دوران پنجاب کا سب سے بڑا پراجیکٹ لاہور اورنج لائن مکمل ہوگیا اور یہ پراجیکٹ دراصل پنجاب کے عوام کیلئے بڑا تحفہ ہے۔ دونوں ممالک کے مابین سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے اور بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔ مسٹر لانگ ڈنگ بن نے سی پیک میں تیزی لانے پر موجودہ حکومت کے کردار کو بھی سراہا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے حوالے سے نوائے وقت کی خصوصی اشاعت پر بریفنگ دی اور اب تک شائع ہونے والی 20 اقساط کی البم پیش کیں۔ اس موقع پر تحائف کا تبادلہ ہوا اور ایم ڈی رمیزہ نظامی نے معزز مہمانوں کو نوائے وقت گروپ کے لوگوز پر مبنی شیلڈز پیش کیں۔