• news

شاہ محمود کی وزیراعظم امارات سے ملاقات: پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جلد حل پر زور

ابوظہبی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  دو روزہ  دورے  پرمتحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات، باہمی اقتصادی و معاشی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی، تاریخی اور تہذیبی بنیادوں پر استوار دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی گزشتہ کئی دہائیوں سے یو اے ای کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آئندہ سال، دبئی میں منعقد ہونیوالی نمائش (ایکسپو 2020ئ) میں پاکستانی پویلین، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوستی کا مظہر ہوگا۔ فریقین کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کو یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اور کہا اپنی کاروباری برادری کو پاکستان میں سر مایہ کاری کی ترغیب دینے پر زور دیں اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم کی دبئی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور یو اے ای کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ترقیاتی کاموں میں معاونت پر یو اے ای کے مشکور ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد چودھری کے مطابق شاہ  محمود کا دبئی ایئر پورٹ پر پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد،سفارتخانے کے  سینئر افسروں اور اماراتی وزارت خارجی کے سینئر حکام نے انکا استقبال کیا۔وزیر خارجہ دبئی میں پاکستانی کمیونٹی کا ارکان سے ملاقات اور مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن