• news

رحمن ملک، چینی سفیر ملاقات: سی پیک مخالف لابی کے مذموم مقاصد ناکام بنانے کا عزم

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں چین کے نئے سفیر  نونگ رونگ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک سے یہاں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت اہم بین الاقومی امور اور سی پیک پر تبادلہ خیال کیا۔ رحمان ملک نے نونگ رونگ کا پرتپاک استقبال کیا اور انکو  پاکستان میں بطور سفیر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور  نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوستی کا رشتہ بہت مضبوط ہے اور روز بروز مستحکم ہوتا رہے گا، پاک چین تعلقات نئے نوجوان ، زیرک ، تعلیم یافتہ اور تجربہ کار سفارت کار مسٹر نونگ رونگ کی قابل قیادت میں مزید مستحکم اور مضبوط ہونگے۔ مشکل اوقات میں پاکستان کی بھرپور مدد کرنے پر چین کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور وبائی مرض کرونا وائرس کے دوران چین کی طرف سے بھرپور مدد فراہم کرنے پر ہم سب پاکستانی چین کے شکر گزار ہیں۔ رحمان ملک نے حال ہی میں ڈس انفو لیب کی انکشافات میں بیان شدہ چین اور پاکستان کے خلاف بھارتی حکومت کی مجرمانہ کارروائیوں پر بریفنگ دی۔  انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں ، مشکوک این جی اوز ، تھنک ٹینکس اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت دونوں ممالک کے خلاف سازش کر رہا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے بیان کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر پیشرفت پورے خطے کے لئے وقت بدلنے والی چیز ثابت ہوگی اور دونوں ممالک کی معیشت پر مثبت تبدیلیاں اور اچھے اثرات مرتب کرے گا۔ دونوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی پیک مخالف لابی کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔ سفیر نونگ رونگ نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "آپ ذاتی طور پر چین کے بہت اچھے دوست ہیں اور آپ کے تعاون سے چین میں دہشت گردی کو روکنے میں مدد ملی ہے’’۔پاکستان اور چین خطے کے امن اور استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ  باہمی  تعاون جاری رکھیں گے۔ چینی سفیر نے چین اور پاک دوستی کو مستحکم کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مشکل وقتوں میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔رحمان ملک نے چینی سفیر کو اپنی پانچ کتابوں کا ایک سیٹ پیش کیا جس پر انہوں نے رحمان ملک کے عظیم فکری کام کی بے حد تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے تحائف اور شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا اور ملاقات ڈھائی گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔

ای پیپر-دی نیشن