• news

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون : ناردرن ‘سندھ کے درمیان میچ ڈرا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ،ناردرن  اور سندھ کا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا ہو گیا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں حماد اعظم اور مبصر خان کی بیٹنگ نے مقابلہ ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ناردرن کی ٹیم نے  دوسری اننگز میں120 اوورز کھیل کر 423 رنز بنائے اور اسکے6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، ناردرن کے بلے باز حماد اعظم اور مبصر خان نے شاندارسنچریاں بنائیں اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 294 رنز بنائے۔ دونوں نے کل کے سکور126 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو انکی ٹیم چاروکٹیں گنوا چکی تھی۔ حماد اعظم نے 226 گیندیں کھیل کر 145 رنز کی اننگز کھیلی انکی اننگز میں 13 چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے، مبصر خان نے164 رنز بنائے اور 241 گیندوں کا سامنا کیا۔انھوں نے 24 چوکے لگائے دونوں کو شاہنواز دھانی نے آؤٹ کیا۔ سندھ کی طرف سے شاہنواز دھانی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ابرار احمد اور عزیز اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سندھ نے ناردرن کی پہلی اننگز 203 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 8وکٹوں پر 514 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ا نکی اننگز میں اسد شفیق اور شرجیل خان کی شاندار سنچریاں بھی شامل تھیں۔سندھ کے شاہنواز دھانی نے میچ میں چھ اور ناردرن کے محمد نواز نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن