ٹام کروز کی ڈانٹ‘عملہ کے5 افراد 'مشن امپاسیبل 7' کی شوٹنگ چھوڑگئے
لاہور (کلچرل ڈیسک )ہالی وڈ کے سپر سٹار اور معروف ایکشن ہیرو ٹام کروز کے ڈانٹنے کے باعث ان کی زیر تکمیل فلم 'مشن امپاسیبل 7' کے عملے کے 5 افراد کام چھوڑ گئے۔خیال رہے کہ حال ہی میں 'مشن امپاسیبل 7' کے پروڈیوسر اور مرکزی کردار ٹام کروز کی ایک آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر عملے افراد کو سخت ڈانٹ ڈپٹ کررہے تھے۔
ٹام کروز نے خبردار کیا تھاکہ اگر اب کوئی شخص سماجی فاصلے کی خلاف ورزی کرتا نظر آیا تو اسے نکال دیا جائیگا۔ ٹام کروز واقعہ کے بعد ایک بار پھر عملے کے افراد پر برس پڑے اور ان کیخلاف سخت زبان کا استعمال کیا،جس کے باعث فلم کے عملے(کریو) میں شامل 5 افراد کام چھوڑ کر چلے گئے۔ فلم کے سیٹ پر کئی مہینوں سے تناؤ برقرار تھا اور اس سے قبل بھی بعض افراد ٹام کروز کے رویہ کے باعث کام چھوڑ کر جاچکے ہیں تاہم انہوں نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف رہے۔انٹرٹینمنٹ انڈسٹری یونین کے رہنما نے ٹام کروز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت جب مشکل سے طویل عرصے بعد فری لانسرز کو کام ملا ہے، ایک کروڑ پتی فلمساز انہیں کام سے نکالنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور ان کیخلاف سخت زبان استعمال کررہا ہے۔خیال رہے کہ یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز 'مشن امپاسیبل' کی ساتویں فلم ہے اور جسے19 نومبر 2021 کو پیش کرنے کا منصوبہ ہے تاہم کورونا کے باعث اسے وقت پر مکمل کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے، اس سے قبل اٹلی میں شوٹنگ کے دوران عملے کے 12 افراد میں کرونا مثبت آنے کے بعدکام روکنا بھی پڑا تھا۔